آزادی مارچ سے قبل سرچ آپریشن شروع

آزادی مارچ سے قبل سرچ آپریشن شروع

فائل فوٹو


اسلام آباد: جمیت علمائے اسلام کے آزادی مارچ سے قبل راولپنڈی اور اسلام آباد میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے جس کے تحت گھروں کو چیک کیا جا رہا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جڑواں شہروں میں لگے جمیعت علمائے اسلام کے پوسٹر بھی اتارے جارہے ہیں۔

اسلام آباد کے تھانہ گولڑہ اور رمنا کے علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران تین سو سے زائد گھروں کو چیک کیا گیا ہے۔

آزادی مارچ سے قبل چکری روڈ پر ڈسٹرکٹ کونسل نے جے یو آئی کے بینرز اتار دیے ہیں۔ بینرز جامعہ عثمانیہ نعیمیہ سمیت چکری روڈ کے مختلف مقامات پر لگائے گئے تھے۔

پولیس نے بینرز اور پوسٹر آویزاں کرنے والے شخص مزمل شاہ گرفتار کرنے کی کوشش کی تاہم وہ فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

حکما کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن میں وفاقی پولیس، رینجرز اور سیکیورٹی اداروں کے اہلکار حصہ لے رہے ہیں اور اس کا مقصد ضلع کی سیکیورٹی یقینی بنانا ہے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ ہے جس کے تحت وال چاکنگ، پمفلٹ تقسیم کرنے اور بینرز لگانے پر پابندی عائد ہے۔

قبل ازیں اسلام آباد میں آزادی مارچ کے اشتہارات لگانے اور تبلیغ کرنے کے الزام میں دو افراد کو حراست میں بھی لیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں