نوازشریف کے دل کی شریانیں 50 فیصد سے زائد بند

فائل فوٹو


لاہور: مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف کا آج سروسز اسپتال میں پانچواں روز ہے اور ان کے دل کی شریانیں 50 فیصد سے زائد بند ہوچکی ہیں۔

ذرائع کے مطابق  نوازشریف کے دل کی دائیں جانب والی شریان 60 فیصد سے زیادہ اور بائیں جانب والی شریان 50 فیصد بند ہے جب کہ پلیٹ لیٹس کی کمی سے بھی دل کی تکلیف میں اضافہ ہوا ہے۔

سابق وزیراعظم کے ذیابیطس اور بلڈ پریشر کو قابو میں رکھنے کے لیے بھی مسلسل دوائیں دی جا رہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق پلیٹ لیٹس کی تعداد بڑھانے کے لیے دیئے گئے اسٹیرائیڈز سے بلڈ پریشر اور شوگر لیول بڑھ گیا ہے۔

ڈاکٹرز کے مطابق پلیٹ لیٹس کی تعداد 50 ہزار ہونے پر نواز شریف ہوائی سفر کے قابل ہو سکیں گے۔

ذرائع میڈیکل بورڈ کے مطابق سابق وزیراعظم کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے اور انہیں آکسیجن لگا دی گئی ہے۔

ڈاکٹرز کی رپورٹ کے مطابق نوازشریف کے ٹریپ ٹی اور ٹریپ آئی ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جس کا مطلب ہے سابق وزیراعظم کو دل کا دورہ پڑا ہے۔

میڈیکل رپورٹ کے بعد ڈاکٹرز نے ن لیگی رہنما کو خون پتلا کرنے والی ادویات شروع کرا دی ہیں۔

ذرائع نے ہم نیوز کو اطلاع دی ہے کہ سابق وزیراعظم کو گزشتہ روز انجائنا کا شدید درد ہوا جس کے بعد معالجین نے دل کے دورہ پڑنے کے خدشہ ظاہر کیا تھا۔

نوازشریف کے لیے بنائے گئے میڈیکل بورڈ نے عدالت میں جمع کرائی گئی اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ن لیگی رہنما کی بیماری کو خاص آلات کے بغیر کنٹرول کرنا ممکن نہیں، بیماری کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے وہ اندرون ملک یا ملک سے باہرعلاج کروا سکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں