شام میں روسی فوجی طیارہ گر کر تباہ، 39 افراد ہلاک


ماسکو: شام میں روس کا فوجی طیارہ تباہ ہونے سے اس میں سوار 39 افراد ہلاک ہوگئے۔ متاثرہ جہاز میں عملے کے چھ ارکان سمیت 33 روسی فوجی سوار تھے۔

روسی نیوز ایجنسی کے مطابق طیارہ شامی شہر لاذقیہ کے حميميم ائیربیس کے نزدیک لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوا۔ جس کے بعد رن وے سے 500 میٹرز کی دوری پرگرکرتباہ ہوگیا۔ طیارے میں سوار تمام افراد فورا ہی لقمہ اجل بن گئے۔

روسی حکام کا کہنا ہے کہ طیارہ تکینکی خرابی کے باعث گرا تاہم واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں جس کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ تباہ ہونے والا طیارہ ”انتنوف این 26 فوجی ٹرانسپورٹ جہاز” تھا۔ جس میں دو انجن نصب ہوتے ہیں۔ اسے سویت یونین دورمیں تیار کیا گیا تھا۔

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے مرنے والوں کے اہل خانے سے تعزیت کرتے ہوئے گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔

یہ ہوائی اڈہ شام میں جاری روسی فضائی آپریشن کا مرکزی ائیربیس ہے۔

ذرائع کے مطابق شامی جنگ میں اب تک روس کے نو فوجی طیارے دیگر وجوہ کی بنا پر تباہ ہوچکے ہیں۔ روس نے ستمبر 2015 میں شامی صدر بشارالاسد کی درخواست پر دمشق میں اپنا فوجی آپریشن شروع کیا تھا۔

گذشتہ ماہ بھی باغیوں کے زیر قبضہ شامی صوبہ ادلب کے شمال مشرقی علاقے میں روس کا جنگی طیارہ مار گرایا گیا تھا۔

دسمبر 2017 میں بھی حمیمیم ائیربیس پر باغیوں کی شلینگ سے روس کے کئی طیاروں کو نقصان پہنچا تھا۔ اس دوران دو روسی اہلکاربھی مارے گئے تھے۔  اگست 2016 میں شامی شہر ادلب میں روسی ہیلی کاپٹر کو مار گرایا گیا تھا۔ جس کے باعث اس میں سوار پانچ افراد مارے گئے تھے۔

دسمبر 2016 میں بھی روس کا ایک طیارہ شام جاتے ہوئے بحیرہ احمرمیں گر کر تباہ ہوگیا تھا۔ جہاز نے روسی شہر سوچی سے اڑان بھری تھی۔


متعلقہ خبریں