آزادی ملین مارچ کا قافلہ ریڈ زون میں داخل نہیں ہو گا، اکرم دُرانی

نیب کی اکرم خان درانی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش

فوٹو: فائل


کراچی: رہبر کمیٹی کے چیئرمین اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ آزادی ملین مارچ مکمل طور پر پُرامن ہو گا جو ریڈ زون میں داخل نہیں ہو گا۔

رہبر کمیٹی کے چیئرمین اکرم خان درانی نے بنوں میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں آزادی ملین مارچ کی بات ہو رہی ہے جو ہر صورت ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کسی صورت تصادم نہیں چاہتی، حکومت ہمارے گرفتار لوگوں کو رہا کرے۔ ملک میں مہنگائی کا شدید بحران ہے اور تاجر، ڈاکٹرز، میڈیا اور واپڈا یونین نے ہمارے احتجاج کی حمایت کر دی ہے۔

اکرم خان درانی نے کہا کہ کل اتوار سے آزادی مارچ کے قافلوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا اور جنوبی اضلاع کے قافلے کی قیادت میں خود کروں گا۔ ہمارا آزادی مارچ مکمل طور پر پُرامن ہو گا جو ریڈ زون میں داخل نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا آزادی ملین مارچ 126 دن کے دھرنے کی طرح نہیں ہو گا، آزادی ملین مارچ کا فیصلہ صرف جے یو آئی کا نہیں بلکہ تمام حزب اختلاف کی جماعتوں کا ہے۔

اکرم دُرانی نے کہا کہ 27 اکتوبر کا دن بطور یکجہتی کشمیر منایا جائے گا جبکہ رہبر کمیٹی وزیر اعظم عمران خان سے استعفی چاہتی ہے۔

آزادی مارچ کارواں میں شرکت کے لیے کراچی کے 6 اضلاع کے صدر مقامات سے جے یو آئی ف کے قافلے اتوار کی صبح 9 بجے نکلیں گے جو سہراب گوٹھ پر اکھٹے ہوں گے۔

ضلع غربی کا مرکزی قافلہ حبیب بینک ناظم آباد نمبر 2 قدسیہ مسجد کے سامنے سے روانہ ہو گا جس کی قیادت مولانا عمر صادق، قاری محمد عثمان، فخر الدین رازی اور حافظ نعیم کریں گے۔

ضلع جنوبی کا قافلہ بوٹ بیسن سے روانہ ہو گا جس کی قیادت ضلعی امیر مولانا نورالحق، قاری روح الامین اور مولانا عبداللہ بلوچ کریں گے، ضلع ملیر کا قافلہ داؤد چورنگی لانڈھی سے روانہ ہو گا جس کی قیادت ضلعی امیر مولانا احسان اللہ ٹکروی، مفتی حنیف، مولانا اجمل شیرازی سمیت دیگر کریں گے۔

کراچی کے ضلع شرقی کا قافلہ پٹیل پاڑہ اور سہراب گوٹھ سے روانہ ہو گا جس کی قیادت مولانا عبدالکریم عابد، مولانا فتح اللہ، مولانا غیاث، فاروق سید و دیگر کریں گے، ضلع وسطی کا قافلہ سخی حسن چورنگی سے روانہ ہو گا جس کی قیادت مولانا عبدالرشید نعمانی، مولانا زرین شاہ ، مولانا خیر الحق ابرار، مولانا گل محمد طالونی کریں گے۔

ضلع کورنگی کا قافلہ مہران ٹاون کورنگی سے نکلے گا اور اس قافلے کی قیادت ضلعی امیر مفتی عبدالحق عثمانی، قاری فیض الرحمن عابد، مولانا فاروق خلیل کریں گے اور گڈاپ ٹاؤن سے قافلہ ڈاکٹر نصیرالدین سواتی کی قیادت میں گلشن معمار سے روانہ ہو گا۔


متعلقہ خبریں