جے یو آئی (ف) کے رہنما مفتی کفایت اللہ گرفتار

خیبرپختونخوا: مانسہرہ، مفتی کفایت اللہ کے آبائی گھر پر پولیس کا چھاپہ

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما اور سابق رکن صوبائی اسمبلی مفتی کفایت اللہ کو اسلام آباد سے گرفتار کرلیا گیا۔

خاندانی ذرائع کے مطابق مانسہرہ اور اسلام آباد پولیس نے مشترکہ کارروائی کرکے اسلام آباد کے علاقے ای الیون سے صبح چار بجے گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

مفی کفایت اللہ گزشتہ روز اسلام آباد میں نجی ٹی وی چینلز کے پروگراموں میں شرکت کیلئے مانسہرہ سے اسلام آباد آئے تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ مفتی کفایت اللہ کو تھری ایم پی او ایکٹ کے تحت مانسہرہ پولیس نے گرفتار کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مفتی کفایت اللہ کو سیکٹر ای الیون تھری طوبی مسجد سے گرفتار کیا گیا جس کی وجہ اداروں کے خلاف بیانات بتائی جارہی ہے۔

دوسری جانب پارٹی کے اسلام آباد کے امیر عبدالمجید ہزاروی نے مفتی کفایت اللہ کی گرفتاری کی تصدیق کردی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آج صبح مفتی کفایت اللہ کو ای الیون تھری مسجد طوبہ کے قریب سے گرفتار کیا گیا جو ایک دوست کے فلیٹ پر قیام پذیر تھے۔

عبدالمجید ہزاروی کے مطابق مفتی کفایت اللہ کو 16 ایم پی او کے تحت گرفتاری کرکے ہری پور جیل بھجوا دیا گیا ہے اور اس وقت بھی وہ وہیں پر موجود ہیں۔

دوسری جانب اسلام آباد پولیس حکام نے معاملے سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق مفتی کفایت اللہ کی گرفتاری سے اسلام آباد پولیس کا کوئی تعلق نہیں۔

حکام کا مزید کہنا تھا کہ کسی اور صوبے کی پولیس نے گرفتاری کی ہو اس حوالے وفاقی پولیس کے علم میں نہیں لایا گیا۔


متعلقہ خبریں