ریلوے ای کامرس سے ریونیو کمانے والا سب سے بڑا ادارہ


لاہور: پاکستان ریلوے آن لائن آمدن حاصل کرنے والا سب سے بڑا ملکی ادارہ بن گیا ہے۔ یہ ہدف ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کے ذریعے حاصل کیا گیا۔

ہم نیوز کے مطابق پاکستان ریلوے نے ایک دن میں انٹرنیٹ کے ذریعے ایک کروڑ روپے کے ٹکٹیں فروخت کرنے کا ہدف حاصل کر لیا ہے۔

وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے ادارے کی کامیابی پرریلوے کی چیئرپرسن مسز پروین آغا، چیف ایگزیکیٹو (سی ای او) محمد جاوید انور اور ڈائریکٹر آئی ٹی فہد رحمان کو مبارکباد دی ہے۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ جدت اور سہولت کے سفر کو جاری رکھا جائے گا۔

مستقبل کے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ جلد روایتی ریلوے انکوائری ختم کرکے جدید کال سینٹرقائم کیا جائے گا۔

پاکستان ریلوے نے ٹکٹ فروخت کرنے کے لئے ویب سائٹ پر سہولت فراہم کی تھی۔ موبائل ایپلیکیشن بھی لانچ کی گئی جسے بڑی تعداد میں صارفین نے ڈاؤن لوڈ کیا۔

ریلوے کی جانب سے موبائل ایپ کے ڈاؤن لوڈز کی تعداد کا ڈیٹا فراہم نہیں کیا گیا تاہم ایک روایتی سفری ادارے میں اس جدت کو خاصا سراہا گیا ہے۔

سعد رفیق کا کہنا تھا کہ اکتوبر 2016 میں ای ٹکٹنگ کا آغاز کیا، ڈیڑھ برس سے بھی قلیل مدت میں مارکیٹ لیڈر بننا ادارے کے لئے اعزاز کی بات ہے۔

ریلوے کے فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ڈیڑھ برس میں ساڑھے 13 لاکھ سے زائد مسافروں نے ایک ارب 80 کروڑ روپوں کی  ٹکٹیں خریدیں۔


متعلقہ خبریں