تحریک آزادی کشمیر کو روکنے کی ہر بھارتی سازش دم توڑ رہی ہے۔ فردوس عاشق


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کی جدوجہد کو روکنے کی ہر بھارتی سازش دم توڑ رہی ہے۔ انہوں ںے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کشمیریوں کے ترجمان اور ان کے وکیل بن کر مقدمہ لڑ رہے ہیں۔

کشمیریوں سے تجدید عہد کے دن نیشنل پریس کلب میں ذرائع ابلاغ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں نے اپنے خون سے قربانی دے کر تاریخ رقم کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 27 اکتوبر کشمیریوں سے تجدید عہد کا دن ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان کا وجود نامکمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اورعوام مظلوم کشمیریوں کا مقدمہ لڑ رہی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق اس موقع پرکشمیری رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک سمیت دیگر سیاسی و سماجی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

ہتھیار اٹھانے کی بات کرنے والے کشمیریوں سے دشمنی کر رہے ہیں، عمران خان

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کرتے رہیں گے۔ انہوں ںے کہا کہ نریندر مودی مظلوم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو طاقت کے بل بوتے پر کچلنے میں ناکام رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کشمیراورقومی مفاد پر سیاسی جماعتیں و عوام متحد و متفق ہیں۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی نے یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک سے درخواست کی کہ وہ بھوک ہڑتال ختم کردیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حریت رہنما یاسین ملک بھارتی جیل میں حوصلے اور جذبے سے جیل کاٹ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مشعال ملک کی جدوجہد یاسین ملک کے حوصلے کو اور زیادہ طاقت دے گی۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کشمیریوں کو ظلم و ستم کا نشانہ بنانے کی مثال نہیں ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مظلوم کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کررہا ہے۔ انہوں نے پرعزم لہجے میں پاکستان کے اصولی مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی دہشت گردی کا سامنا کرنے والے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ  ہم کھڑے ہیں۔

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کشمیریوں کو آج بولنے کی آزادی نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بچے اسکول نہیں جا رہے ہیں اورحسرت سے دنیا کو تک رہے ہیں۔

ہتھیار اٹھانے کی بات کرنے والے کشمیریوں سے دشمنی کر رہے ہیں، عمران خان

وزیراعظم کی معاون خصوصی نے برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے جس سے خون اور جسم کے رشتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی صورت کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ نے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کا وعدہ کیا تھا جس کی تکمیل کے آج بھی کشمیری منتظر ہیں۔ انہوں نے استفسار کیا کہ آخر کشمیریوں کو کب ان حق خود ارادیت ملے گا؟

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے دعویٰ کیا کہ کشمیربنے گا پاکستان کا نعرہ حقیقت کا روپ دھارے گا۔

ہم نیوز کے مطابق حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے اس موقع پر ذرائع ابلاغ سے بات چیت میں کہا کہ گزشتہ تین ماہ سے مظلوم کشمیریوں کو نہ سانس لینے کا حق ہے اورنہ انہیں پانی پینے دیا جارہا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ یہ کیسی جمہوریت ہے؟ کہ وہاں نہ ادویات ہیں اور نہ ہی خوراک دستیاب ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کے تین ماہ میں کیا کچھ ہوا؟

بھارتی افواج کے ظلم و ستم کی انتہا بتاتے ہوئے یاسین ملک کی اہلیہ نے کہا کہ بھارتی فوج نے میری کمسن معصوم بچی تک کو تنگ کیا ہے۔

مشعال ملک نے اس موقع پر وہاں موجود ذرائع ابلاغ اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں سیاسی قیادت، تاجروں، ڈاکٹروں اور طلبا و طالبات سمیت دیگر طبقہ ہائے فکر کی شکر گزار ہوں کہ انہوں نے ساتھ دیا اور یہاں مظلوموں کی حمایت میں اکھٹے ہوئے۔


متعلقہ خبریں