نواز شریف اور زرداری کے بعد شاہد خاقان عباسی کو اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ


اسلام آباد: سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے بعد سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو بھی اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ اسپتال منتقلی کا فیصلہ علاج معالجے کی بہتر سہولتوں کی فراہمی کو ممکن بنانا ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کا بیرون ملک علاج کرانے کی تیاریاں

ہم نیوز کو انتہائی ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ میڈیکل بورڈ نے اڈیالہ جیل میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی کا معائنہ کیا۔ اس ضمن میں ذرائع نے بتایا کہ شاہد خاقان عباسی کے گردے اور مثانے میں پتھری کی شکایت ہے۔

ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم کا معائنہ کرنے والے میڈیکل بورڈ نے ان کا ہرنیے کا آپریشن کرنے کی بھی سفارش کی ہے۔

ہم نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ شاہد خاقان عباسی کو آپریشن کے لیے اسلام آباد کے ایک نجی اسپتال میں منتقل کیا جائے گا۔ اسپتال میں داخل کرنے کے بعد ان کے مزید ٹیسٹس بھی کیے جائیں گے۔

ہم نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ غالب امکان ہے کہ آئندہ ہفتے سابق وزیراعظم کو اسپتال منتقل کردیا جائے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اس ضمن میں جیل حکام نے متعلقہ حکام سے رابطہ بھی کرلیا ہے۔

آصف زرداری پمز میں زیر علاج: آصفہ کے علاوہ کسی نے بھی ملاقات نہیں کی

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے قبل سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو جیل سے اسپتال منتقل کیا گیا ہے تاکہ انہیں ضروری علاج معالجے کی سہولتیں بہم پہنچائی جا سکیں۔

پی ایم ایل (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کو بھی جیل سے اپنے والد کی عیادت کے لیے اسپتال منتقل کیا جا چکا ہے۔ پی پی پی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ کو بھی علاج کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں