بحیرہ عرب میں سمندری طوفان شدت اختیار کرگیا

بحیرہ عرب میں سمندری طوفان شدت اختیار کرگیا

کراچی: بحیرہ عرب کے مشرقی وسطی حصے میں سمندری طوفان ’کیار‘ شدت اختیار کرکے انتہائی شدید سمندری طوفان میں تبدیل ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان مغرب اور شمال مغرب کی جانب حرکت کررہا ہے اور کراچی کے جنوب سے 750 کلومیٹر دور ہے۔

محکمے نے خبردار کیا کہ سمندری طوفان شمال مغرب کی جانب بڑھتے ہوئے مزید شدت اختیار کرسکتا ہے جس کے باعث 250 سے 230 کلو میٹر کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سمندری طوفان کے سبب شہر میں گرد آلود ہوائیں 45 کلو میٹر کی رفتار سے چلنے کا امکان ہے۔

حالیہ صورتحال میں سمندری طوفان سے پاکستان کی ساحلی پٹی کو کوئی خطرہ نہیں تاہم ماہی گیر گہرے سمندر میں جانے سے گریز کریں۔

طوفان کے شدت اختیار کرنے کے باعث کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں مٹی کے طوفان کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

طوفان کے زیر اثر آج شہر میں گرد آلود ہوائیں چلیں گی، گزشتہ روز ہواؤں کی تیز رفتاری سے سمندر کی اونچی لہریں بن رہی ہیں جس کے باعث ابراہیم حیدری اور دیگر علاقوں میں میں سمندر کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔

آج شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 21.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 47 فیصد ہے۔


متعلقہ خبریں