’شاداب خان کی موجودہ فارم بدستور باعث تشویش ہے’

’شاداب خان کی موجودہ فارم بدستور باعث تشویش ہے’

سڈنی: قومی ٹیم کے کوچ و چیف سیلکٹر مصباح الحق نے کہا ہے کہ شاداب خان کی موجودہ فارم پاکستان کے لئے بدستور باعث تشویش ہے، گزشتہ دو سالوں سے ٹیم انہی پر انحصار کر رہی تھی۔

آسٹریلیا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عثمان قادر کو آسٹریلیا میں کھیلنے کے تجربہ کے پیش نظر منتخب کیا ہے، ان  کی قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں کارکردگی بھی اچھی رہی ، نوجوان اسپنر گوگلی اور فلپر سمیت لیگ اسپین بولنگ کے ہتھیاروں سے مزین ہیں۔

مصباح نے کہا کہ آسٹریلیوی بلے باز اسٹیو اسمتھ اس وقت بھرپور فارم میں نظر آ رہے ہیں، ایسے کھلاڑیوں کو رنز بنانے سے روکنے کا واحد حل انہیں جلد آؤٹ کرنے پر منحصر ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریزمجھ سمیت بابر اعظم اور اظہر علی کے لیے بڑا چیلنج ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کپتانی کے ساتھ ساتھ دونوں کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی سے ٹیم کو بہت فرق پڑے گا، امید کرتا ہوں کہ بابر اور اظہر اپنی انفرادی کارکردگی بھی دکھائیں گے۔

یاد رہے قومی  کرکٹ ٹيم گزشتہ روز دورہ آسٹريليا کے لیے لاہور ایئرپورٹ سے سڈنی پہنچی تھی۔

قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ آسٹریلیا کا پہلا پریکٹس میچ 30 اکتوبر کو سڈنی میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا کے دوران ٹی 20 سیریز کے میچز 3 نومبر کو سڈنی، 5 کو کینبرا اور 8 نومبر کو پرتھ میں کھیلے جائیں گے۔

واضح رہے کہ دورہ آسٹریلیا کے لیے قومی ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈز کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت بابر اعظم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، آصف علی، حارث سہیل، افتخار احمد، عماد وسیم، امام الحق، خوش دل شاہ، محمد عامر، محمد حسنین، محمد عرفان، محمد رضوان، موسیٰ خان، شاداب خان، عثمان قادر اور وہاب ریاض شامل ہیں۔

ٹیسٹ ٹیم کی قیادت اظہر علی کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عابد علی، اسد شفیق، بابر اعظم، حارث سہیل، عمران خان، افتخار احمد، کاشف بھٹی، محمد عباس، محمد رضوان، موسیٰ خان، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور یاسر شاہ شامل ہیں۔

 


متعلقہ خبریں