عمر گل کی چھ وکٹیں کسی کام نہ آئیں، سلطانز کو اپ سیٹ شکست کا سامنا


دبئی: پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل تھری) کے 17ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کر اپ سیٹ شکست سے دوچار کر دیا۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کی جانب سے دیا گیا ہدف آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 19ویں اوور کی پانچویں گیند پر حاصل کر لیا۔

153 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کی ٹیم میدان میں آئی تو بلے باز پریشر میں دکھائی دیے۔

آغاز میں اسد شفیق اور شین واٹسن نے اوپننگ کرتے ہوئے سلطانز بالرز کے سامنے مزاحمت کی کوشش کی۔ لیکن عمر گل کی نپی تلی بالنگ کا سامنا نہ کر سکے۔

شین واٹسن اور اسد شفیق بالترتیب 48 اور 62 کے مجموعی اسکور پر عمر گل کی گیند کا شکار ہوئے۔

گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ریلے روسو 27 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ دیگر کھلاڑی عمر گل کی بالنگ کا سامنا نہ کر سکے۔

19ویں اوور کے آخر میں 144 کے مجموعی اسکور پر گلیڈی ایٹرز کو دو وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا۔ جس کے بعد میچ پوری طرح سلطان بالرز کے ہاتھ میں تھا۔

آخری اوور میں حسن خان اور بین لافلین میدان میں آئے تو کوئٹہ کو جیت کے لیے چھ گیندوں پر آٹھ رنز درکار تھے۔

حسن خان نے آخری اوور کی پانچویں گیند پر چھکا مار کر ٹیم کو ہارا ہوا میچ جتوا دیا۔

ملتان کی جانب سے عمر گل نے چھ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

میچ کے آغاز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز  نے ٹاس جیت کر سلطانز کر پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ ڈیبیو ٹیم نے مقررہ بیس اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنائے۔

پی ایس ایل کے پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر موجود ملتان کی ٹیم اننگ کا آغاز کرنے میدان میں آئی تو اوپنر بلے باز محض تین رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گے۔

اوپنر کمار سنگاکارا پہلی ہی گیند پرحسن خان کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو کر پویلین کی راہ ناپتے نظر آئے۔

سنگا کارا کے بعد احمد شہزاد نے بھی مجموعی اسکور میں ایک رنز کا اضافہ کیا اور چلتے بنے۔

سلطان کپتان شعیب ملک ناقابل شکست 65 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ انہوں نے تین چھکے اور چار چوکے اپنے ریکارڈ میں لکھوائے۔

پی ایس ایل کے پوائنٹس ٹیبل کی سرفہرست ٹیم ملتان سلطانز ایونٹ میں اپنا ساتواں میچ کھیل رہی ہے۔

سلطانز نے اس سے قبل 6 میچز کھیلے ہیں جن میں ٹیم کو چار میں کامیابی ملی۔ ایک میچ میں شکست اور ایک میچ بارش کی نذر ہو گیا۔

ایونٹ میں پہلی بار حصہ لینے والی ٹیم نو پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر موجود ہے۔

دوسری جانب پی ایس ایل کے گزشتہ دونوں ایونٹس کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چار پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر موجود ہے۔

کوئٹہ نے اس سے پہلے ایونٹ میں پانچ میچز کھیلے ہیں۔ جن میں سرفراز الیون کو دو میچوں میں کامیابی اور تین میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

 


متعلقہ خبریں