سعودی عرب: طوفانی بارش سے سات افراد جاں بحق11زخمی

سعودی عرب: طوفانی بارش سے سات افراد جاں بحق11زخمی

فائل فوٹو


جدہ: سعودی عرب کے شہر حفر الباطن میں طوفانی بارش سے سات افراد جاں بحق اور گیارہ زخمی ہوگئے ہیں۔

سعودی محکمہ شہری دفاع نے کہا ہے کہ سیلابی ریلے میں پھنسے16 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق بارش کے باعث ٹریفک حادثات میں 40 گاڑیاں مکمل تباہ ہوگئی ہیں جب کہ ژالہ باری سے گھروں کہ چھتوں کو نقصان پہنچا ہے۔

حکام کے مطابق سیلابی پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے اور خطرے سے دوچار ہونے والے 1176 افراد نے امداد فراہم کرنے والوں اداروں سے رابطہ کیا ہے۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق حفر الباطن سمیت الخفجی اورالقریہ العلیا میں طوفانی بارش کا سلسلہ جمعہ صبح 7 بجے شروع ہوا اور یہ اتوار کی رات تک جاری رہا۔

مشرقی ریجن کے محکمہ شہری دفاع کے ترجمان نے بتایا کہ’طوفانی بارش کے ساتھ بڑے بڑے اولے بھی گرے جن کے نتیجے میں گاڑیوں اور گھروں کو نقصان پہنچا’۔

حکام کا کہنا ہے کہ دو روز جاری رہنے والی شدید بارشوں سے سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی اور پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے۔ مکمل نقصان کا تخمینہ لگانے اور لوگوں کو امداد پہنچانے کے لیے محکمہ شہری دفاع دستیاب وسائل استعمال کر رہا ہے۔


متعلقہ خبریں