خواجہ آصف کیخلاف ہرجانہ کیس میں وزیراعظم عمران خان سے جواب طلب

خواجہ آصف کیخلاف ہرجانہ کیس میں وزیراعظم عمران خان سے جواب طلب

اسلام آباد: عدالت نے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کےخلاف ہرجانہ کیس میں وزیراعظم عمران خان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے وزیراعظم  کی جانب سے خواجہ آصف کے خلاف دس ارب روپے ہرجانہ کے کیس سے متعلق ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

دوران سماعت لیگی رہنما کے وکیل علی شاہ گیلانی نے دلائل دیئے کہ ٹرائل کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی کچھ دستاویزات نکالنے کی درخواست منظور کی تھی جسے خواجہ آصف نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ خواجہ آصف کی نااہلی کا حکم اسی عدالت نے دیا تھا کیا انہیں اس بینچ پر اعتراض تو نہیں؟

عدالت کے استفسار پر وکیل نے موقف اپنایا کہ انہیں کوئی اعتراض نہیں، 2012 سے عمران خان کا خواجہ آصف پر ہرجانے کا کیس زیرالتوا ہے۔

بعد ازاں عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت 2 ہفتے کےلیے ملتوی کردی۔

خیال رہے سابق وزیر خارجہ نے شوکت خانم اسپتال اور فارن فنڈنگ کے حوالے سے 2012 میں عمران خان پر الزامات لگائے تھے۔


متعلقہ خبریں