ایل این جی کیس میں ریفرنس دائر کرنے کی منظوری

فوٹو: فائل


اسلام آباد: قومی احتساب بیورو(نیب) نے ایل این جی کیس میں نامزد تین ملزمان کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق نیب راولپنڈی ریجنل بورڈ نے شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسماعیل اور عمران الحق کو ملزم نامزد کیا ہے۔

اطلاعات ہین کہ ریفرنس حتمی منظوری کے لیے نیب ہیڈ کوارٹر کو بھجوا دیا گیا جہاں ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں ریفرنس کی حتمی منظوری دی جائے گی۔

ایل این جی کیس میں نامزد تینوں ملزمان کیخلاف چئیرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی منظوری کے بعد ریفرنس عدالت میں دائر کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ مذکورہ کیس میں سابق وزیراعظم اور سابق وزیرخزانہ جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔ قومی احتساب بیورو نے سابق وزیراعظم کو جولائی 2019 میں اور مفتاح اسماعیل کو سات اگست کو حراست میں لیا تھا۔

ایل این جی کیس کیا ہے؟

ن لیگ کے سابق دور حکومت میں اس وقت کے وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے قطر کے ساتھ ایل این جی درآمد کرنے کا معاہدہ کیا تھا۔

سابق وزیر پر الزام ہے کہ انہوں نے ایل این جی کی درآمد اور تقسیم کا 220 ارب روپے کا ٹھیکہ دیا جس میں وہ خود حصہ دار ہیں۔

قبل ازیں نیب کراچی نے 19 دسمبر 2016 کوعلاقائی بورڈ کے اجلاس میں یہ کیس میرٹ پر بند کردیا تھا تاہم اس بار نیب راولپنڈی نے  دوبارہ تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔

28 ستمبر 2018 کو سپریم کورٹ نے ایک شہری کی درخواست پر ایل این جی معاہدے کی تفصیلات طلب کی تھیں۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے حکم دیا تھا کہ بتایا جائے قطر سے معاہدہ کرتے وقت شفافیت کو مدنظر رکھا گیا کہ نہیں۔

سپریم کورٹ میں درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ مہنگے داموں ایل این جی درآمد کا معاہدہ کیا گیا جس سے ملک کو اربوں ڈالر کا نقصان ہورہا ہے۔


متعلقہ خبریں