آزادی مارچ میں رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی، شوکت یوسفزئی

کسی ڈنڈا بردار فورس کو اسلام آباد نہیں جانے دیں گے، صوبائی وزیر


پشاور: وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ حزب اختلاف کو اسلام آباد میں پشاور موڑ پر جلسے کی اجازت دے دی گئی ہے اور آزادی مارچ میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی۔

پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ہماری خواہش ہے کہ حزب اختلاف وفاقی دارالحکومت میں پرامن جلسہ کرے تاہم کسی ڈنڈا بردار فورس کو خیبر پختون خوا سے اسلام آباد نہیں جانے دیں گے۔

وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا نے امید کا اظہار کیا کہ جے یو آئی (ف) حکومت سے ہونے والے معاہدے کی خلاف ورزی نہیں کرے گی۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ہم جمہوری لوگ ہیں اور جانتے ہیں کہ ہر کسی کو جلسہ کرنے کا حق ہے، کوشش ہوگی خیبر پختون خوا میں امن وامان برقرار رکھیں۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے 15 لاکھ افراد لانے کے دعوے پر ان کا کہنا تھا کہ یہ کوئی آسان کام نہیں، ایک لاکھ بھی اکٹھے کر لیں تو بڑی بات ہے۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کشمیر کاز کو پیچھے کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کو دفعہ 144 کے تحت آٹا برآمد نہیں ہوسکے گا اور گندم اور آٹا صوبے سے باہر لےجانے پر مکمل پابندی عائد ہے اور اس پر عمل درآمد کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ گندم کے مصنوعی بحران کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ہمارے پاس گندم اور آٹے کا اسٹاک موجود ہے۔


متعلقہ خبریں