وزیراعظم کی بڑے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور ایکشن لینے کی ہدایت

پنجاب حکومت کی 100 روزہ کارکردگی کی تقریب آج ہوگی | urduhumnews.wpengine.com

فوٹو: فائل


لاہور: وزیراعظم عمران خان نے صوبہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے منعقد اعلیٰ سطحی اجلاس میں بڑے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور ایکشن لینے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس حوالے سے اگر افسران پر کوئی  دباؤ آئے گا تو وہ ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وزیرِ داخلہ بریگڈئیر (ر) اعجاز احمد شاہ، وزیر تعلیم شفقت محمود، معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیر قانون پنجاب محمد بشارت راجا، وزیر بہبود آبادی محمد ہاشم ڈوگر، وزیر کھیل محمد تیمور خان،  لیبر منسٹر انصر مجید خان، چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر اور دیگر سینئر افسران بھی شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب نے صوبہ بھر میں جرائم کی روک تھام،  بڑے جرائم  میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی،  تھانہ کلچر میں تبدیلی، پولیس اہلکاروں کی پیشہ ورانہ تربیت، اچھی شہرت کے حامل اہلکاروں کی حوصلہ افزائی، قوانین میں ترامیم اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف عوام میں آگاہی مہم کے حوالے سے تجاویز اور اقدامات پر شرکاء کو بریفنگ دی۔

وزیراعظم عمران خان کو قصور اور چونیاں میں بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات اور چائلڈ پورنوگرافی میں ملوث عناصر کے خلاف 6 ماہ کے اندر ایک مربوط حکمت عملی کے تحت واضح ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔

وزیراعظم نے قصور اور چونیاں میں بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان واقعات کا سن کر شدید صدمہ ہوا ہے، اس جرم کی وجہ سے اللہ کا عذاب آتا ہے۔

عمران خان نے وزیر اعلی پنجاب اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ قصور، چونیاں اور دوسرے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے علماء، صاحب حیثیت افراد، اسکولوں کے اساتذہ اور والدین سے ملاقات کریں۔

انہوں نے کہا کہ ان افراد سے ملاقات میں بچوں کے اس جرم کا شکار ہونے سے بچاؤ کے لیے مناسب تربیت، اور اس میں ملوث عناصر کی نشاندہی کی آگاہی فراہم کی جائے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اس ضمن میں ایک بھرپور عوامی آگاہی مہم کا آغاز بھی کیا جائے کیونکہ اس جرم کا مقابلہ حکومت اور عوام مل کر ہی سکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں