اسلام آباد: انتظامیہ کا جے یو آئی سے صلاح و مشورہ، روڈ میپ پر مشاورت


اسلام آباد: امیر جمعیت العلمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں رواں دواں آزادی مارچ کے حوالے سے اسلام آباد کی انتظامیہ اور پولیس نے مقامی قیادت سے حتمی صلاح و مشورہ کرکے پروگرام ترتیب دے دیا ہے۔

اسلام آباد: پولیس اور سیکورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا

ہم نیوز کے مطابق اسلام آباد کی ڈپٹی کمشنر اور ڈی آئی جی آپریشن کی جمعیت العلمائے اسلام (ف) کے رہنماؤں ڈاکٹر ضیا الرحمان، مفتی اویس عزیز، مفتی عبداللہ، ضیا اللہ خان اور مولانا احسان اللہ سے تفصیلی ملاقات ہوئی ہے جس میں آزادی مارچ کی جڑواں شہروں میں آمد اور اس کے راستوں کے تعین سمیت دیگر ضروری امور پر صلاح و مشورہ کیا گیا۔

جے یو آئی کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق اسلام آباد کی انتظامیہ سے ملاقات کرنے والے رہنماؤں کا تعلق جڑواں شہروں سے ہے۔ ذرائع کے مطابق ہونے والی تفصیلی ملاقات میں طے کیا گیا کہ جتنے بھی قافلے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں داخل ہوں گے ان کا روڈ میپ کیا ہوگا؟ وہ کس راستے پہ سفر کریں گے؟ اور ان کا قیام کہاں ہوگا ؟

جے یو آئی (ف) کے ذرائع کے مطابق آزادی مارچ کے شرکا طے شدہ پروگرام کے تحت 31 اکتوبر کو راولپنڈی پہنچیں گے اور شام تک تمام قافلے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں داخل ہوجائیں گے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی انتظامیہ نے حفاظتی پیش بندی کے طور پر گزشتہ روز سے پولیس اور سیکورٹی کے دیگر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کررکھا ہے۔ پولیس اور دیگر ادارے تمام داخلی و خارجی راستوں پہ کڑی نگاہ رکھے ہوئے ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پورے طریقے سے تیار ہیں۔

آزادی مارچ کے شرکا پر مشتمل قافلہ کل لاہور میں داخل ہو جا ئے گا

پولیس اور سیکورٹی اداروں کی جانب سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں اسنیپ چیکنگ کا سلسلہ بڑھا دیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں