بحیرہ عرب میں سمندری طوفان سے کراچی میں بارش کا امکان

sea strom

فائل فوٹو


اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب میں اٹھنے والا سمندری طوفان کراچی اور سندھ  کے دیگر ساحلی علاقوں میں برسات کا سبب بن سکتا ہے۔

منگل کی صبح آنے والی اطلاعات کے مطابق طوفان چھ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ساحل کی جانب بڑھ رہا ہے اور کراچی کی ساحلی پٹی سے 8 سو کلومیٹر دور ہے۔

‘کیار’ نامی اس طوفان کے سبب سندھ کی ساحلی پٹی میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا  بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے برعکس آج ملک کے بیشتر علاقوں مں موسم خشک جبکہ شمالی علاقہ جات میں سرد رہے گا۔ بالائی خیبر پختونخوا میں بھی بعض مقامات پر مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش کی توقع ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منگل کی صبح ہلکے بادل چھائے رہے جس سبب خنکی میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ آج شہراقتدار کا درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

صوبہ پنجاب، گلگت بلتستا، آزاد کشمیر اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں آج موسم خشک رہے گا تاہم قلات اور زیارت میں سردی پڑنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ چترال اور دیر کے اضلاع میں بعض مقامات پر مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش بھی متوقع ہے۔


متعلقہ خبریں