مدیحہ افتخار کا اداکاری کے میدان میں واپسی کا اعلان

"اپنے کرئیر کی شروعات میں ہم نیٹ ورک کے ساتھ بہت زیادہ کام کیا"

  • "ہم ٹی وی ہمیشہ اپنے مداحوں کو اچھی اور منفرد کہانیاں پیش کرتا ہے"

اسلام آباد: 17 سال کی عمر میں اداکاری کا سفر شروع کرنے والی اداکارہ مدیحہ افتخار نے کہا ہے کہ وہ ایک طویل عرصہ بعد اداکاری کے میدان میں دوبارہ قدم رکھنے جا رہی ہیں۔

ہم نیوز کے مارننگ شو “صبح سے آگے” میں میزبان شفا یوسفزئی اور اویس منگل والا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ شادی کے بعد دبئی چلی گئی تھیں اس لیے اداکاری کے ساتھ ان کا تعلق منقطع ہو گیا تھا لیکن اب وہ واپس پاکستان آ چکی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی شادی کو پانچ سال ہو چکے ہیں، ان کے شوہر کی ملازمت دبئی میں تھی، اس لیے انہیں بھی وہاں منتقل ہونا پڑا۔

مدیحہ افتخار کا کہنا تھا کہ وہ شادی کے بعد شوہر اور گھر کو وقت دینا چاہتی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ اپنے کرئیر کی شروعات میں ہم نیٹ ورک کے ساتھ بہت زیادہ کام کیا، ہم ٹی وی ہمیشہ اپنے مداحوں کے لیے اچھی اور منفرد کہانیاں پیش کرتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اگر انہیں اداکاری کی پیشکش ہوئی تو وہ گونگی بہو کا کردار ادا کرنا چاہیں گی۔ زندگی میں ایک مرتبہ کسی ڈرامے میں نابینا کا کردار ادا کرنا بھی ان کی خواہش ہے۔

اپنی فطرت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کبھی کسی کی کوئی بات بری لگ جائے تو میں اس انسان سے بات کرنا چھوڑ دیتی ہوں۔

ساتھی اداکاروں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بہت بار ان کی اداکاری دیکھ کر یوں لگتا ہے کہ وہ اپنا کردار زیادہ اس سے بہتر انداز میں نبھا سکتے تھے۔

مدیحہ افتخار نے بتایا کہ اداکار حسن نیازی کے ساتھ شروع میں ان کی بہت لڑائیاں ہوئیں لیکن جب ساتھ میں کام کیا تو بہت مزہ آیا، میں گلوکار اور سماجی کارکن شہزاد رائے کی بہت بڑی فین ہوں۔

ملک کے سیاسی حالات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہاں کی صورتحال انہیں بہت زیادہ اداس کرتی ہے، دبئی میں رہنے کے بعد یہ احساس ہوا کہ اپنے ملک کے لیے کچھ نہ کچھ ضرور کرنا ہے۔

عوام کو پیغام دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم خود اپنے ملک میں گندگی پھیلاتے ہیں، ہمارا پھینکا ہوا کوڑا کرکٹ وزیراعظم آ کر نہیں اٹھا سکتے، اپنے اردگرد کی صفائی کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔


متعلقہ خبریں