ایل ڈی اے سٹی، سپریم کورٹ نے خواجہ سعد رفیق کو طلب کرلیا


لاہور: سپریم کورٹ نے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے رہائشی منصوبے سے متعلق ازخودنوٹس کیس میں وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق اور نیب کے تفتیشی افسر کو طلب کر لیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق مقدمہ کی سماعت کرنے والے تین رکنی بینچ کے سامنے پیراگون کمپنی کے بریگیڈیئر(ر) مجید ریاض پیش ہوئے۔

سپریم کورٹ کی لاہور رجسٹری میں سماعت کے موقع پر بینچ کے سربراہ اور چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ ہم نے مالکان کو بلایا تھا، ملازمین کو نہیں۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق خود پیش ہو کر وضاحت کریں کہ پیراگون کمپنی سے ان کا کیا تعلق ہے؟

سپریم کورٹ نے دوران سماعت استفسار کیا کہ کس قانون کے تحت ایل ڈی اے سٹی کا ماڈل بنایا گیا ہے؟

چیف جسٹس ثاقب نثار نے یہ بھی پوچھا کہ اربن ڈیولپمنٹ کمپنی (یو ڈی سی) کا ٹھیکا کس کو دیا گیا؟

عدالت میں موجود ڈدائریکٹر جنرل ایل ڈی اے زاہد اختر زمان نے بینچ کو بتایا کہ اربن ڈیولپمنٹ کمپنی کے مالک طاہر جاوید کو ٹھیکا دیا گیا۔

سپریم کورٹ نے سماعت ملتوی کرتے ہوئے آئندہ پیشی کے لئے دس مارچ کی تاریخ مقرر کی ہے۔


متعلقہ خبریں