خیبرپختونخوا میں بجٹ ترجیحات کے لئے پہلی بار عوامی جائزہ

خیبرپختونخوا میں بجٹ ترجیحات کے لئے پہلی بار عوامی جائزہ | urduhumnews.wpengine.com

پشاور: پاکستان کے شمال مغربی صوبے خیبرپختونخوا میں آئندہ بجٹ کی ترجیحات طے کرنے کے لئے پہلی بار عوامی رائے حاصل کی گئی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا کے محکمہ خزانہ کی جانب سے کئے گئے سروے میں 25 اضلاع کے 30 لاکھ افراد سے موبائل فونز کے ذریعے رائے لی گئی۔

محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا کی جانب سے بجٹ ترجیحات کے لئے عوامی سروے
محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا کی جانب سے بجٹ ترجیحات کے لئے عوامی سروے

اپنی نوعیت کے منفرد سروے میں خیبرپختونخوا کے مکینوں سے پوچھا گیا تھا کہ وہ کن شعبوں کے بجٹ میں اضافے کے خواہشمند ہیں؟

شرکائے سروے میں سے 48 اعشاریہ 94 فیصد نے تعلیمی جب کہ 28 اعشاریہ 67 فیصد نے طبی خدمات کے بجٹ میں اضافے کے لئے رائے دی۔ 12 فیصد سے زائد افراد سڑکوں میں بہتری چاہتے ہیں جب کہ دس فیصد سے زائد پانی اور نکاسی سے متعلق مزید رقم مختص کروانا چاہتے ہیں۔

خیبرپختونخوا کے بجٹ میں تعلیم، صحت، مواصلاتی سہولتوں کے لئے مختص کردہ رقوم میں اضافے کی تجاویز
خیبرپختونخوا کے بجٹ میں تعلیم، صحت، مواصلاتی سہولتوں کے لئے مختص کردہ رقوم میں اضافے کی تجاویز

اتحادی حکومت میں شامل جماعت اسلامی کے وزیرخزانہ مظفرسید کے محکمے نے جائزے کے دوران مقامی حکومتوں کی کارکردگی پر بھی عوامی رائے معلوم کی۔

جواب دینے والے شرکاء میں سے 56 اعشاریہ 57 فیصد ویلیج کونسلوں سے مطمئن نظر آئے۔ ضلعی حکومتوں پر 27 فیصد اور تحصیل حکومتوں پر 16 فیصد افراد نے اعتماد کا اظہار کیا۔ خیبرپختونخوا میں رائج بلدیاتی نظام میں ویلیج کونسل سب سے بنیادی تنظیمی ڈھانچہ ہے۔

سروے کے لئے صوبے میں خدمات فراہم کرنے والے پانچوں موبائل نیٹ ورکس کے صارفین کا انتخاب کیا گیا تھا۔ 30 لاکھ شرکائے سروے میں سے تقریبا 35 فیصد ٹیلی نار، 28 فیصد موبلی لنک جاز، 17 فیصد سے زائد زونگ، 16 فیصد یوفون اور تین اعشاریہ 40 فیصد وارد صارفین تھے۔

شرکائے سروے میں سے 18 فیصد سے زائد صوبائی دارالحکومت پشاور کے مکین تھے۔ ایبٹ آباد کے تین اعشاریہ 34، لوئر دیر سے پانچ اعشاریہ 86، جب کہ سب سے کم تورغر (کالا ڈھاکہ) کے تھے، جن کی تعداد اعشاریہ 28 فیصد رہی۔

چترال اور اپر دیر سے تعلق رکھنے والے تقریبا 58 فیصد رائے دہندگان نے تعلیمی بجٹ میں اضافے کی تجویز دی۔ تعلیم سے متعلق حکومتی اخراجات بڑھانے کی تجویز دینے والوں میں ان اضلاع کے مکین باقیوں سے آگے رہے۔ دیر لوئر، مالاکنڈ، شانگلہ، بونیر، بٹگرام، چارسدہ اور بنوں کے مکین بھی تعلیمی بجٹ میں اضافے کے خواہاں نکلے۔

خیبرپختونخوا بجٹ ترجیحات میں تعلیم کس کا انتخاب، مختلف اضلاع سے موصول ہونے والی آراء
خیبرپختونخوا بجٹ ترجیحات میں تعلیم کس کا انتخاب، مختلف اضلاع سے موصول ہونے والی آراء

کوہستان، ہری پور، نوشہرہ، صوابی، مردان کے رہائشیوں کی بڑی تعداد طبی بجٹ میں اضافے کی خواہشمند دکھائی دی۔

 

لکی مروت، ایبٹ آباد، چترال، سوات، کرک اور تورغر کے مکینوں نے سڑکوں کی بہتری کے لئے مزید وسائل مختص کرنے کی تجویز دی۔ جب کہ پانی اور نکاسی کے اخراجات بڑھانے کی تجویز دینے والوں میں کرک، مانسہرہ، ٹانک اور تورغر کے مکین سب سے آگے رہے۔


متعلقہ خبریں