ڈاکٹر انسانیت کی خدمت کریں، صدر مملکت

ڈاکٹر انسانیت کی خدمت کریں، صدر مملکت

فوٹو: فائل


راولپنڈی: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ڈاکٹر پیشہ ورانہ اصولوں پر عمل کرتے ہوئے انسانیت کی خدمت کریں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی میڈیکل کالج راولپنڈی میں 38 ویں ایم بی بی ایس اور 17 ویں بی ڈی ایس کانووکیشن کی تقریب منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی تھے۔

اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ راولپنڈی آرمی میڈیکل کالج (اے ایم سی) ملک کا بہترین ادارہ بن چکا ہے اور پاکستان میڈیکل کونسل نے اے ایم سی راولپنڈی کو پاکستان کا بہترین ادارہ قرار دیا ہے۔

اس سے قبل صدر مملکت نے تھائی لینڈ کے بدھ مذہب کے رہنما آریا وانگسو کے ہمراہ آنے والے 15 رکنی وفد سے ملاقات کی اور اس موقع پر کہا کہ پاکستان قیمتی کثیر الثقافتی ورثہ کا مالک ہے اور ملک بھر میں گندھارا تہذیب کے ورثہ کے متعدد آثار موجود ہیں۔ حکومت مذہبی زائرین و سیاحوں کو ہر ممکن سہولیات دینے کے لیے پرعزم ہے۔

یہ بھی پڑھیں ہم کمزور کو کمزور کر کے نہیں لڑنا چاہتے، فردوس عاشق اعوان

ڈاکٹر عارف علوی نے وفد کو موجودہ حکومت کی جانب سے کرتارپور راہداری کھولنے اور مذہبی زائرین و سیاحوں کے لیے فراہم کردہ سہولیات کے بارے میں آگاہ کیا۔ وفد نے حکومت پاکستان کی جانب سے میزبانی پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ان کے دورہ سے تھائی لینڈ اور دیگر ممالک سے سیاحوں کے پاکستان کے دورے اور اس کی قدیم گندھارا تہذیب کا مطالعہ کرنے کی حوصلہ افزائی ہو گی۔

تھائی راہب 15 رکنی وفد کے ہمراہ پاکستان کے 5 روزہ دورہ پر ہیں۔ یہ وفد تخت بھائی، پشاور عجائب گھر، ٹیکسلا عجائب گھر اور ہری پور میں تاریخی ورثہ کے حامل سیاحتی مقامات کا دورہ کرے گا۔


متعلقہ خبریں