شہباز شریف نے نواز شریف کی حالت تشویش ناک قرار دیدی

انتظامات کی نگرانی خود کریں: نواز شریف کی شہباز شریف کو ہدایت

لاہور: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی ضمانت پر کارکنان کو ہدایت دی ہے کہ وہ جشن نہ منائیں کیوں کہ ان کے بھائی کی طبیعت ابھی تشویشناک ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے ضمانت منظوری کے فیصلے کے بعد اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ نوازشر یف کی طبعیت تشویشناک ہے اور ان کی بیماری کی تشخیص ہونا ضروری ہے۔

انہوں نے قوم اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنان سے قائد کی مکمل صحت یابی کے لئے دعائیں جاری رکھنے کی اپیل کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ کارکنان سے اپیل ہےکہ جشن نہ منائیں اور مٹھائیاں تقسیم نہ کریں، نواز شریف کے لئے دعا کریں۔

اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے طبی بنیادوں پر نواز شریف کی ضمانت کی درخواست مشروط طور پر منظور کرلی۔

عدالت نے 20، 20 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض سابق وزیراعظم کی ضمانت آٹھ ہفتوں کے لیے منظور کی۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اگر مریض سمجھتا ہے کہ مزید وقت چاہیے تو پنجاب حکومت سے رجوع کیا جائے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ آٹھ ہفتے بعد ضمانت میں مزید توسیع کرنا حکومت پنجاب کا اختیار ہو گا اور اگر اس حوالے سے درخواست نہ دی گئی تو پھر ضمانت منسوخ سمجھی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم کے پلیٹ لیٹس (خون کے سفید خلیے) کی تعداد معمولی اضافے کے ساتھ 28 ہزار پر پہنچی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ انجیکشن کا کورس ختم ہونے پر نواز شریف کا نیا علاج کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔


متعلقہ خبریں