غیر معیاری خوراک فروخت کرنے والی کمپنیوں کے خلاف کریک ڈاؤن


لاہور: پنجاب فوڈ اتھارٹی نے غیرمعیاری انفینٹ فارمولا فروخت کرنے والی کمپنیوں کا سامان مارکیٹ سے اٹھانے کا حکم دیا ہے۔

انفینٹ فارمولا کو مائیں عمومی طور پر اپنے دودھ کے متبادل کے طور پر بچوں کو دیتی ہیں جسے بے بی فارمولا بھی کہا جاتا ہے۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ  انفینٹ فارمولا فروخت کرنے والی چند بڑی کمپنیاں درآمدی اور مارکیٹ قوانین کی خلاف ورزی کر رہی ہیں۔ ایسی کمپنیوں کے خلاف  انفینٹ فارمولا ریگولیشن کے تحت کارروائیاں کی جارہی ہیں۔

اتھارٹی ترجمان کے مطابق 3870 میڈیکل اسٹوروں اور دکانوں سے اب تک مختلف برانڈز کے 60 ہزار ڈبے اٹھائے جا چکے ہیں۔ جس میں ایک معروف برانڈ کے 41 ہزار جب کے دوسرے کے 19 ہزار ڈبے شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق مارکیٹ میں چین سے درآمد شدہ مصنوعات کو فرانسیسی اور جرمن پراڈکٹس کے نام سے فروخت کیا جا رہا تھا۔ تعینات شدہ ٹیموں نےایسے ڈبوں میں سوراخ کر کے انہیں ناقابل استعمال بنا دیا۔

فوڈ انتظامیہ نے موقف اختیار کیا ہے کہ دھوکہ دہی پر مبنی مارکیٹنگ کی وجہ سے مائیں اپنے دودھ کے بجائے انفینٹ فارمولا کو ترجیح دیتی ہیں۔ غیر معیاری پراڈکٹس کے استعمال سے بچوں میں غذائی اجزاء کی کمی واقع ہو رہی ہے۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ایک سال سے کم عمر بچوں کے انفینٹ فارمولا کی مارکیٹینگ پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ایک سال سے زائد عمر کے بچوں کے لیے بہترین معیار کے انفینٹ فارمولا کو مارکیٹ میں محدود رسائی کی اجازت دی جائے گی۔

فوڈ اتھارٹی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دھوکہ دہی اور غلط لیبلنگ کرنے والی کمپنیوں کے خلاف کاروائی جاری رکھی جائے گی۔


متعلقہ خبریں