سمندری طوفان ’کیار‘ کا زور ٹوٹنے لگا، محکمہ موسمیات


کراچی: ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز نے کہا ہے کہ بحیرہ عرب میں بننے والا سپر سائیکلون ’’کیار‘‘ کا زور ٹوٹنے لگا۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ سمندری طوفان کا رخ مغرب کی جانب ہے اور کیار اومان کی جانب گامزن ہے۔ ’’کیار‘‘ کیٹیگری 5 سے کیٹیگری 4 میں مکمل تبدیل ہوگیا ہے اور کل بدھ تک اس کی شدت میں مزید کمی آنے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ طوفان کیار کراچی کے ساحل سے 725 کلومیٹر دور جنوب مغرب میں موجود ہے۔ سائیکلون کا رخ جنوب کی جانب ہونے کی صورت میں پاکستان کی ساحلی علاقوں پر گرج چمک کے ساتھ  بارش ہو سکتی ہے۔

سردار سرفراز نے کہا کہ گہرے سمندر میں لہریں 9 سے 11 فٹ تک بلند ہو سکتی ہیں اور سائیکلون کیار کے اثرات شہر میں ہفتہ تک رہیں گے جبکہ سمندر میں طوفان کے دوران 240 کلو میٹر کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں ’سمندری طوفان ’’کیار‘‘ کی وجہ سے اب تک کسی بھاری نقصان کی اطلاع نہیں ‘

انہوں نے کہا کہ سمندری طوفان سے پاکستان کی ساحلی پٹی کو کوئی خطرہ نہیں ہے تاہم سمندر میں تغیانی اور ہوا کی رفتار سے اونچی لہریں بن رہی ہیں اس لیے ماہی گیر گہرے سمندر میں جانے سے گریز کریں۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات نے کہا کہ دن میں دو بار لہریں اوپر اٹھتی ہیں اس دوران ساحلی پٹی کے قریبی علاقوں میں سمندر کا پانی گھروں میں داخل ہونے کا بھی امکان ہے۔


متعلقہ خبریں