حکومت نوازشریف کو ملک سے باہر جانے دے گی یا نہیں؟


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہا ہے مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد نوازشریف اب آزاد ہیں اور جہاں سے چاہیں علاج کرا سکتے ہیں۔

ہم نیوز کے پروگرام’ بڑی بات ود عادل شاہزیب’ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی صحت حکومت کی اولین ترجیح ہے اور بہتر علاج کے لیے سابق وزیراعظم کی ضمانت ضروری تھی۔

ندیم افضل چن نے کہا کہ اگر حکومت نوازشریف کو جیل میں رکھ کر بہترین سہولیات بھی دیتی تب بھی یہی سمجھا جاتا کہ علاج نہیں ہو رہا، علاج کے متعلق ڈاکٹرز ہی بہترین فیصلہ کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب کسی کی ضمانت طبی بنیاد پر ہوتی ہے تو اس کے لیے تمام اقدامات ڈاکٹرز کی ہدایت کے مطابق ہوتے ہیں اور نوازشریف کے علاج سے متعلق حکومتی فیصلہ بھی ڈاکٹرز کی ہدایات کے مطابق ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کا نام ای سی ایل میں ہے اور سابق وزیراعظم کی جانب سے نام نکالنے کی درخواست فی الحال وصول نہیں ہوئی۔

وزیراعظم کے ترجمان نے تسلیم کیا کہ ملک میں عام آدمی کی نسبت اشرافیہ کے لیے قانون پر عمل درآمد مختلف طریقے سے ہوتا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ہائی کورٹ نے طبی بنیادوں پر سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ نواز کے قائد نواز شریف کی ضمانت آٹھ ہفتوں کے لیے منظور کرلی تھی۔


متعلقہ خبریں