اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا

اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا

فوٹو: فائل


اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت آج ہوگا۔

ذرائع کے مطابق ای سی سی اجلاس میں ایک درجن سے زائد نکاتی ایجنڈوں پر غور کیا جائے گا۔

ای سی سی اجلاس میں وزارت تونائی، وزارت پٹرولیم کی سمریاں منظوری کےلئے پیش کی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق وزارت پٹرولیم کی پٹرولیم مصنوعات پر تیس فیصد تک ڈیلر مارجن بڑھانے کی سمری زیر غور آئے گی۔

اس کے علاوہ ای سی سی اجلاس میں گندم کے موجودہ ذخائراور طلب کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

مشیر خزانہ کی زیر صدارت ای سی سی اجلاس میں ملکی اقتصادی اعشارئیوں کے اتار چڑھاؤ، ٹیکسٹائل کی صنعت کو ریفنڈ سمیت دیگر معاملات پر بات چیت کی جائے گی۔ ای سی سی آج تخفیف غربت اور مہنگائی کے حوالے سے اقدامات کا بھی جائزہ لے گی۔

یاد رہے ای سی سی کے گزشتہ اجلاس کے دوران  تندوروں پر روٹی کے پرانے نرخ بحال کرنے اور نان اور روٹی کی 30 جون والی قیمت بحال کرنے کے اقدامات کی منظوری دی گئی تھی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ گیس کے نئے نرخوں سے روٹی کی قیمت میں 25پیسے کا اضافہ ہونا تھا مگرتندور مالکان نے روٹی کی قیمت میں زیادہ اضافہ کیا۔

ای سی سی نے ہدایت کی کہ گیس کمپنیاں کمرشل اور نان کمرشل تندوروں کا سروے کریں ،سستی گیس صرف نان کمرشل تندوروں کو ہی دی جائے گی۔

ای سی سی نے نان کمرشل تنور کے لیے گیس ٹیرف 30جون کی سطح پر بحال کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ حکومت تندور کے گیس کنکشن کے لیے 1ارب 51کروڑ روپے کی سبسڈی دے گی۔

صوبائی حکومتوں کو نان اور روٹی کی قیمت 30جون کی سطح پر بحال کرنے کی ہدایات جاری کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیاہے۔ ای سی سی کی طرف سے کہا گیاہے کہ  قیمتیں بحال نہ کیں تو حکومت سبسڈی واپس لے لے گی۔


متعلقہ خبریں