180 رنز کا ہدف، کنگز کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی


دبئی: پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل تھری) کے 19ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی بیٹنگ جاری ہے۔ 55 کے مجموعی اسکور پر کراچی کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔

کوئٹہ کے 180 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز میدان میں آئے اوپنر بلے باز ایک ایک رن اپنے کھاتے میں لکھوا کر چلتے بنے۔

کنگز کی جانب سے شاہد آفریدی اور جو ڈینلے کو اوپننگ کے لیے میدان میں بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا جو ناکام رہا۔

جو ڈینلے دو رنز کے مجموعے پر محمد نواز کی گیند کا شکار ہوئے۔ ان کے جانے کے بعد آفریدی نے بھی مجموعی اسکور میں کوئی اضافہ کیے بغیر راحت علی کی گیند کا لافلین کو کیچ تھمایا اور ڈریسنگ روم لوٹ گئے۔

کولن انگرام میدان میں آئے اور پانچ رنز بنا کر حسن خان کی گیند کا شکار بنے۔ روی بوپارا بھی اپنے ساتھیوں کی دیکھا دیکھی کھاتہ کھولے بغیر ہی واپس لوٹ گئے۔

پانچویں آوٹ ہونے والے کھلاڑی بابراعظم تھے۔ بابر نے گلیڈی ایٹرز بالرز کے سامنے مزاحمت کی کوشش کرتے ہوئے 32 گیندوں کا سامنا کیا اور 32 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔

پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر کی ٹیم کراچی کے پانچ ٹاپ آرڈر بلے باز 55 کے مجموعی اسکور پر آوٹ ہو گئے۔

اس وقت عماد وسیم 21 اور محمد نواز 3 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ ٹیم کا مجموعی اسکور 12 اوورز میں 64 ہے۔

اس سے قبل میچ کے آغاز میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

اپنی اننگ کا آغاز کرنے کوئٹہ کی ٹیم میدان میں آئی تو مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے۔

کوئٹہ کی جانب سے شین واٹسن 90 رنز کی شاندار ناقابل شکست اننگ کھیلی۔ اوپنر بلے باز نے سات چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 58 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے اپنی اننگ مکمل کی۔

کیون پیٹرسن نصف سنچری  بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ انہوں  نے ایک چھکے اور سات چوکوں کی مدد سے 34 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 52 رنز بنائے۔

کراچی کنگز کی جانب سے شاہد آفریدی، محمد عرفان، عثمان خان اور محمد عامر ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کرنے میں کامیاب ہو سکے۔

 

 


متعلقہ خبریں