پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 6.56 روپے تک ردوبدل کی تجویز

’حکومت پیٹرول پر فی لیٹر 38 روپے ٹیکس وصول کررہی ہے‘

اسلام آباد: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 6.56 روپے فی لیٹر تک ردو بدل کی تجویز دی گئی ہے اور اس حوالے سے سمری پیٹرولیم ڈویژن کو موصول ہوگئی ہے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ پیٹرول کی قیمت میں ایک روپیہ اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 27 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔

اسی طرح سمری میں مٹی کے تیل کی قیمت میں دو روپے 39 پیسے فی لیٹر کمی کا مشورہ دیا گیا ہے۔ لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں چھ روپے 56 پیسے فی لیٹر کمی کی تجویز دی گئی ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ حتمی فیصلہ کل وزارت خزانہ وزیراعظم عمران کی مشاورت سے کرے گی۔

نئی قیمتوں پر عملدرآمد یکم نومبر سے ہوگا۔

خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز پر ایک رپورٹ سامنے آئی تھی جس میں وفاقی حکومت کی جانب سے جی ایس ٹی اور پیٹرولیم لیوی کی مد میں پیٹرول اور ڈیزل پر 40 اور 38 روپے فی لیٹر وصول کیے جانے کا انکشاف ہوا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت ایسا عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرائط اور ٹیکسوں کی وصولی میں کمی کی وجہ سے کررہی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایچ ایس ڈی پر پیٹرولیم لیوی کو 18 روپے سے 20.76 روپے فی لیٹر بڑھا دیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ 17 فیصد جی ایس ٹی بھی چارج کیا جارہا ہے۔


متعلقہ خبریں