پاکستان نے کہا ’’چشم ما روشن دل ماشاد‘‘: سدھو پاجی نے جواباً کہا ’’ست بسم اللہ‘‘

پاکستان نے کہا ’’چشم ما روشن دل ماشاد‘‘: سدھو پاجی نے جواباً کہا ’’جی آیا نوں‘‘

اسلام آباد: وفاقی حکومت اورعوام نے کرتار پور میں دنیا کے سب سے بڑے گردوارے کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے مدعو کیے جانے والے مہمانان کو ’چشم ما روشن دل ماشاد‘ کا پیغام بھیج دیا ہے۔ بھارت کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اوربھارتی ٹی وی میں شریک میزبان کی حیثیت سے عالمگیر شہرت رکھنے والے نوجوت سنگھ سدھو نے جواب میں ’’ست بسم اللہ ‘‘ کہہ کر9 نومبر کو پھر پاکستان آنے کی یقین دہانی کرادی۔

نوجوت سنگھ سدھو کو کپل شرماشوسے نکال دیاگیا

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر سینیٹر فیصل جاوید نے بھارت کے سابق کرکٹر اور ممتاز ٹی وی میزبان نوجوت سنگھ سدھو کو 9 نومبر 2019 کو کرتارپور میں منعقد ہونے والی تقریب میں شرکت کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی ہے۔

عمران خان نے 2018 میں جب وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھا یا تھا تو اس پروقار تقریب میں شرکت کے لیے بھی بھارت سے انہوں نے اپنے دوستوں نوجوت سنگھ سدھو، سنیل گواسکر اور کپل دیو کو مدعو کیا تھا لیکن بھارتی ٹی وی میں ’سدھو پاجی‘ کے نام سے معروف نوجوت سنگھ سدھو کے علاوہ کسی نے شرکت نہیں کی تھی۔

سنیل گواسکر کی جانب سے کرکٹ کمنٹری کی مصروفیت بتائی گئی تھی جب کہ کپل دیو نے دعوت ملنے سے قبل پاکستان آمد کی خواہش ظاہر کی تھی لیکن دعوت ملنے کے بعد ان کی جانب سے بھی مصروفیت کا عذر لنگ پیش کردیا گیا۔ ذرائع ابلاغ کی جانب سے اس وقت کہا گیا تھا کہ بھارت کی مودی سرکار کی جانب سے مدعو کیے جانے والے بھارتی مہمانان پر دباؤ ڈالا گیا تھا جس کی وجہ سے مصروفیت کے عذر تراشے گئے تھے۔

پاکستان آمد کے وقت اپنے دوست عمران خان کے لیے کشمیری شال کا تحفہ ہمراہ لانے والے کانگریسی رہنما نوجوت سنگھ سدھو کی چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی تاریخی ملاقات ہوئی تھی۔ اس ملاقات میں انہوں نے کمال شفقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی پنجاب کے وزیر سدھو پاجی سے انتہائی گرمجوشی سے بغل گیربھی ہوئے تھے۔

پاکستان نے سرحد کھول کر کائنات ہماری جھولی میں ڈال دی، نوجوت سنگھ سدھو

سدھو پاجی نے اس وقت چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی توجہ سکھوں کے دیرینہ حل طلب مسئلے کرتارپور راہداری کی جانب مبذول کرائی تھی جس پرانہوں نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا تھا۔

پاکستان سے لازوال محبتوں کی سوغات سمیٹ کر جب سدھو پاجی واپس اپنے وطن گئے تھے تو انہیں وہاں جنونی انتہا پسند ہندوؤں کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس کے بعد انہیں بھارتی ٹی وی کے مشہور پروگرام ’کپل شرما شو‘ کی شریک میزبانی سے علیحدہ کردیا گیا تھا اور ان کی جگہ اداکارہ ارچنا کو دے دی گئی تھی۔

کپل شرما شو کے پروڈیوسر بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار سلمان خان ہیں لیکن وہ بھی انتہا پسند ہندوؤں کے سامنے مزاحمت نہیں کرسکے اور سرنگوں ہوگئے مگر نوجوت سنگھ سدھو انپے مؤقف پر نہ صرف ڈٹے رہے بلکہ تاحال قائم ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق نوجوت سنگھ سدھو کو جب پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل جاوید کی جانب سے 9 نومبر2019 کو منعقد ہونے والی افتتاحی تقریب میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی گئی تو انہوں نے وزیراعظم عمران خان کی خصوصی دعوت قبول کرلی۔

سدھو نے مودی کو جھوٹوں کا سردار قرار دے دیا

ذرائع کے مطابق مودی حکومت کے سخت ناقد نوجوت سنگھ سدھو نے اس موقع پر کہا کہ تاریخی تقریب میں مدعو کرنے پر وزیراعظم پاکستان کا شکرگزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے سکھ اپنے روحانی پیشوا بابا گرونانک سے وابستہ مقام کی زیارت کے منتظر ہیں۔

کانگریسی رہنما نے کہا کہ کرتار پور کی تعمیر اور اس کے افتتاح نے سکھ مذہب کے کروڑوں پیروکاروں کو نہایت مثبت پیغام دیا ہے۔ انہو نے یقین دہانی کرائی کہ 9 نومبر کی تقریب میں شرکت کی سعادت حاصل کروں گا۔

دنیائے کرکٹ میں اپنے زور دار شارٹس کے حوالے سے شہرت رکھنے والے نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری کے موقع پر ملنے والی محبت اور مہمان نوازی کا لطف کبھی بھلا نہ پاؤں گا۔

پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ کرتار پور امن و محبت کی نئی علامت اور نئے پاکستان کا تحفہ ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ نوجوت سنگھ سدھو کرتار پور منصوبے کے اہم کرداروں میں سے ایک ہیں۔

بھارت:سدھو،کپل، ثانیہ اورکمل ہاسن کے بعد بیکری نشانے پر۔۔۔!

ہم نیوز کے مطابق سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں قوم اور حکومت اپنے مہمانوں کو ’چشم ما روشن دل ماشاد‘ کا پیغام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم 9 نومبر کو کرتارپور کے افتتاح سے تاریخ کا ایک نیا باب رقم کریں گے۔


متعلقہ خبریں