گرگٹ کی طرح رنگ بدلنے والا ‘حیران کن’ ٹیلی ویژن منظر عام پر


اسلام آباد: سام سنگ نے گرگٹ کی طرح رنگ بدلنے والا ٹی وی سیٹ ایجاد کرکے ٹیکنالوجی کی دنیا میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔

2018 کی نئی ٹی وی سیریز کیو ایل ای ڈی ( کوانٹم ڈاٹ لائٹ ایمیٹنگ ڈائی آڈ) کی خاص بات اس کا نیا فیچر ہے جسے سام سنگ نے “ایمبئنٹ موڈ” کا نام دیا ہے۔

ایک عام ایل ای ڈی کے مقابلے میں کیو ایل ای ڈی اسکرین پر دکھائی دینے والی تصویر یا ویڈیو کے رنگ بہت نمایاں نظر آتے ہیں۔ سام سنگ کی جانب سے اس نئے فیچر کو “ایمبئنٹ موڈ” کا نام اس لیے دیا گیا ہے کیونکہ یہ بہترین رنگوں کی مدد سے اردگرد کے ماحول کو ٹی وی سکرین کا حصہ بنا دیتا ہے۔

“ایمبئنٹ موڈ” کے حامل اس ٹی وی کو کچن میں رکھیں تو یہ پھل اور سبزیاں دکھا سکتا ہے۔ ڈرائنگ یا لیونگ روم کی دیوار پر وہ پس منظر میں ضم ہوتا محسوس ہوتا ہے۔ یہاں تک کہ دیوار پر لگی پینٹگز کے درمیان رکھا یہ ٹیلی ویژن بھی کوئی پینٹنگ ہی لگتا ہے۔

سام سنگ کے اس گرگٹ کی طرح رنگ بدلنے والے ٹی وی کا مقصد گھر کی سجاوٹ میں اضافہ کرنا ہے۔ اس نئے فیچر کو استعمال کرنے کے لئیے صارفین سام سنگ کی اسمارٹ تھنگ نامی ایپ سے تصویر لے کر کیو ایل ای ڈی کی سکرین پر استعمال کرسکتے ہیں۔

سام سنگ صارفین ٹی وی پر من پسند اسکرین دیکھنے کے علاوہ وقت، تاریخ اور موسم کی تازہ صورتحال جاننے کا فیچر بھی استعمال کر سکتے ہیں۔

رواں سال کے پہلے ماہ سام سنگ نے 146 انچ کا ٹی وی بھی متعارف کروایا تھا۔ دی وال نامی ٹی وی اگست کے دوران مارکیٹ میں فروخت کے لئے پیش کیے جائیں گے۔

اگر آپ کو بھی خوبصورت پینٹ ہوئی دیوار پر 24 گھنٹے نظر آنے والے سیاہ رنگ کے سیٹ سے اکتاہٹ ہوتی تھی تو یہ ٹی وی آپ کے مسئلے کا حل ہے۔

کورین ٹیک کمپنی کی جانب سے گرگٹ جیسے فیچر رکھنے والا کیو ایل ای ڈی ٹی وی اسی مہینے سے مارکیٹ میں فروخت کیے جائیں گے۔ لیکن کمپنی نے اب تک اپنی پراڈکٹ کی قیمت کا اعلان نہیں کیا ہے۔


متعلقہ خبریں