قتل کے مجرموں کو دو دو بار سزائے موت سنا دی گئی


کراچی: انسداد دہشت گردی عدالت نے گلشن اقبال میں قتل کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزمان کو دو دو مرتبہ سزائے موت سنا دی۔

عدالت نے دو افراد کا قتل ملزمان انور فہیم عرف انو اور خرم مصطفی پر ثابت ہونے پر سزا سنائی۔

ملزمان پر مجموعی طور پر چار لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

عدم شواہد کی بناء پر عدالت نے تین ملزمان کو بری کر دیا۔

بری ہونے والے ملزمان کے نام نعمان، راشد چیمبر اور آصف ہیں۔

ملزمان نے 2011 میں دو افراد صابر شاہ اور اس کے دوست شریف کو قتل کیا تھا۔

قبل ازیں پشاور کی مقامی عدالت نے خواجہ سرا علیشا قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم فضل گجر کو سزائے موت سنائی تھی۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج  سعدیہ عندلیب کی عدالت میں 2016 میں قتل ہونے والے خواجہ سرا علیشا کے مقدمے کی کارروائی ہوئی۔ عدالت نے  جرم ثابت ہونے پر ملزم فضل گجر کو سزائے موت دی  اور دوسرے ملزم رحمت اللہ بری کر دیا۔

خواجہ سرا علیشا کی طرف سے ایڈووکیٹ گل رحمان نے مقدمے کی پیروی کی۔


متعلقہ خبریں