جڑواں شہروں میں جمعرات کو اسکولز بند رکھنے کا اعلان، میٹرو بس بھی بند

بلوچستان نے پرائمری اسکولز کھولنے کی تاریخ میں 15 دن کی توسیع کا اعلان کر دیا

فوٹو: فائل


اسلام آباد: آزادی مارچ کے پیش نظر جڑواں شہروں میں پرائیویٹ اسکولز بند رکھنے کا اعلان کر دیا گیا۔

وفاقی دارالحکومت میں سیکرٹری اسکولز ایسوسی ایشن نے دھرنے کے پیش نظر جمعرات کو شہر کے تمام نجی اسکولز بند رکھنے کا اعلان کر دیا۔

سیکرٹری اسکولز ایسوسی ایشن عبدالوحید خان نے کہا کہ آزادی مارچ کی وجہ سے بچوں کی حفاظت کے لیے نجی اسکولوں میں چھٹی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

صدر پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن زعفران الہٰی نے کہا کہ جمعہ کو اسکول کھولنے یا بند کرنے کا فیصلہ جمعرات کی شام کو ہی کیا جائے گا اور حالات دیکھ کر ہی فیصلہ کریں گے کہ اسکولز کب سے کھولے جائیں کیونکہ بچوں کی سیکیورٹی کی ذمہ داری سب سے اہم ہے۔

راولپنڈی میں بھی کل تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کر دیا گیا ہے جس کا نوٹیفکیشن ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے جاری کر دیا۔

آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن راولپنڈی ڈویژن کے صدر ابرار احمد خان نے کہا کہ انتظامیہ کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے شہر کے تمام نجی تعلیمی ادارے کل بند رہیں گے۔

ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات نے جمعرات کو وفاقی دارلحکومت کی تمام یونیورسٹیاں معمول کے مطابق کھلی رکھنے کا اعلان کر دیا تاہم قائد اعظم یورنیورسٹی بند رہے گی جبکہ یکم نومبر کو ہونے والا پرچہ بھی ملتوی کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مارچ ہو یا احتجاج ضلعی انتظامیہ نے واضح کر دیا کہ کسی کو بچوں کے مستقبل سے کھیلنے نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی احتجاج اور دھرنوں کے باعث بچوں کا مستقبل داؤ پر نہیں لگا سکتے اس لیے شہر کی تمام یونیورسٹیاں کل معمول کے مطابق کام کریں گی اور تمام یونیورسٹیوں میں ٹرانسپورٹ بھی معمول کے مطابق چلیں گی۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے کہا کہ احتجاج اور دھرنوں کے باعث تعلیمی اداروں کو بند کرنا غلط روایت ہے جس کو ختم کرنا ہو گا۔

حمزہ شفقات نے میٹرو بس سروس بھی معمول کے مطابق چلانے کا اعلان لیکن بعد ازاں گاڑیوں کی مرمت کی وجہ سے میٹرو بس سروس بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

میٹرو بس ڈپو کی سیکیورٹی اسلام آباد انتظامیہ کے حوالے کر دی گئی جس کے بعد بس ڈپو ایچ نائن سے تمام بسوں کو پریڈ گراؤنڈ منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق دھرنے کے اختتام تک میٹرو بسوں کو 24 گھنٹے سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں