جج ویڈیو اسکینڈل: مرکزی ملزم ناصر بٹ کی پاکستانی ہائی کمیشن لندن کے خلاف درخواست مسترد


اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے جج ویڈیو اسکینڈل کے مرکزی ملزم  ناصر بٹ کی پاکستانی ہائی کمیشن لندن کے خلاف درخواست مسترد کردی۔

ناصر بٹ نے برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے دستاویزات کی تصدیق نہ کرنے کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔ عدالت نے ناصر بٹ کی جانب سے دستاویزات کی تصدیق کرانے کا حکم دینے کی درخواست خارج کردی۔

یہ بھی پڑھیں: جج ویڈیو اسکینڈل کے اہم ملزم ناصر بٹ کے گھر چھاپہ

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے محفوظ فیصلہ سنادیا۔ عدالتی فیصلے کے مطابق ناصر بٹ اپنے خلاف کیس میں ابھی تک شامل تفتیش بھی نہیں ہوا۔

عدالت نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے العزیزیہ ریفرنس اپیل میں ناصر بٹ متاثرہ فریق بھی نہیں۔

احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرائے گئے تحریری حلف نامے میں دعویٰ کیا تھا کہ ناصر بٹ اور مہرجیلانی نے انہیں رشوت کی پیش کش کی تھی۔

ارشد ملک نے یہ بھی انکشاف کیا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کیخلاف کیس کی سماعت کے دوران نمائندگان کے ذریعے بارہا رشوت کی پیش کش کی گئی اور تعاون نہ کرنے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی گئی۔


متعلقہ خبریں