حکومت کو لوگ مزید برداشت نہیں کریں گے، مولانا فضل الرحمان

ہر ادارہ اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کرے، مولانا فضل الرحمان

فوٹو: فائل


کامونکی: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ملک کو معاشی طور پر تباہ کرنے والی حکومت کو لوگ مزید برداشت نہیں کریں گے۔

آزادی مارچ کا قافلہ لاہور سے کامونکی پہنچا تو جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ایک صفحہ پر ہے جبکہ موجودہ حکومت کا خاتمہ اور نئے انتخابات کا مطالبہ قومی مطالبہ بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب حکمران اقتدار چھوڑ کر عوام کے حوالے کر دیں کیونکہ انہوں نے تو ملکی معیشت کا بیٹا غرق کر دیا ہے اور پاکستان کا مستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے۔ ملک کو معاشی طور پر تباہ کرنے والی حکومت کو لوگ مزید برداشت نہیں کریں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے کامونکی کے شہریوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو بچانا ہے اور سلامتی بقا کی جنگ لڑنی ہے تو آئیں قدم سے قدم ملا کر اسلام آباد چلیں۔آئیں ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر حکمرانوں سے کہیں کہ آپ کی جگہ نہیں ہے۔

انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جو قیادت جیلوں میں ہے اللہ ان کو صحت عطا کرے۔

واضح رہے کہ کراچی سے شروع ہونے والا آزادی مارچ مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا اسلام آباد کی جانب گامزن ہے۔ کامونکی پہنچنے پر آزادی مارچ کے شرکا کا استقبال کیا گیا اور ان پر گل پاشی کی گئی۔

کامونکی کے بعد گوجرانوالہ پہنچنے پر آزادی مارچ کے شرکا کو مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی توفیق بٹ کی جانب سے حلوہ اور نان پیش کیا گیا جبکہ مولانا فضل الرحمان کے لیے بھی خصوصی طور پر حلوے کا تھال گفٹ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں