‘جے یو آئی صرف آزادی مارچ کرنے نہیں آ رہی’



اسلام آباد: پاکستان کے سینیئرصحافی حامد میر کے مطابق جمیعت علمائے اسلام صرف آزادی مارچ نہیں کر رہی بلکہ یہ دھرنا ہوگا۔

ہم نیوز کے پروگرام’بڑی بات’ میں میزبان عادل شاہ زیب کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے وعدہ خلافی کی اور خیبرپختونخوا سے آنے والے قافلوں کو روکا جس کے سبب وہاں کی قیادت دھرنا دینے پر مصر ہے۔

ایک سوال کے جواب میں حامد میر نے بتایا کہ حقائق، توقعات سے مختلف ہیں، مولانا فضل الرحمان اکیلے نہیں بلکہ ن لیگ کی قیادت رحیم یارخان سے آزادی مارچ میں شریک ہے۔

انہوں نے بتایا کہ شہبازشریف 31 اکتوبر کو جے یو آئی کے جلسے میں شرکت کریں گے جس کے بعد صورتحال مزید واضح ہو جائے گی۔

حامد میر نے کہا اس وقت ایک ابہام ہے کہ مولانا دھرنا دیں گے یا صرف آزادی مارچ کریں گے، لیکن مجھے یقین ہے کہ یہ دھرنا ہوگا۔

عادل شاہ زیب نے کہا مولانا کے لہجے سے محسوس ہو رہا ہے کہ وہ اپنے مقاصد حاصل نہیں کر سکیں گے جن کا اعلان کیا تھا۔

پاکستان کے سینئر صحافی حامد میر نے کہا کہ مولانا نے ثابت کردیا وہ صرف عالم دین ہی نہیں بلکہ زیرک سیاستدان بھی ہیں اور جے یو آئی رہنما نے اسلام آباد پہنچنے سے قبل ہی بہت سارے مقاصد حاصل لیے ہیں۔

حامد میر کا کہنا تھا کہ مولانا کے دباو کی وجہ سے حکومت تاجروں سے مذاکرات کرنے پر مجبور ہوئی۔


متعلقہ خبریں