پاکستان نے کرکٹ آسٹریلیا کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی


بینک اسٹاؤن: پاکستان نے دورہ آسٹریلیا کے پہلے ٹی ٹوئنٹی پریکٹس میچ میں کرکٹ آسٹریلیا الیون کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

بینک اسٹاؤن میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی میچ کرکٹ آسٹریلیا کے کپتان کریس لین نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20  اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے۔

گیبسن اور فریسر نے کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز کیا جو اچھا ثابت نہ ہوسکا اور ٹیم میں کم بیک کرنیوالے محمد عرفان نے پہلے ہی گیند پر گیبسن کو بولڈ کر دیا۔

آسٹریلیا کی دوسری وکٹ پانچویں اوور میں گری جب کپتان کریس لین 24 رنز بنا کر وہاب ریاض کے ہاتھوں کلین بولڈ ہو گئے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عرفان نے چار اوورز میں صرف انیس رنز دیکر ایک وکٹ حاصل ک، شاداب خان نے بھی تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں قومی ٹیم کی اننگز کا آغاز کپتان بابر اعظم اور فخر زمان نے کیا جنہوں نے پہلی وکٹ کے لئے 74 رنز کی شراکت داری قائم کی۔

پاکستان کی پہلی وکٹ 10 ویں اوور میں گری جب کپتان بابر اعظم 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس دوران فخر زمان کا بلا رنز اگلتا رہا تاہم وہ بھی 43 رنز بنا کر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔

گرین شرٹس نے مقررہ ہدف با آسانی 18 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر عبور کر لیا۔

واضح رہے پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا کے دوران ٹی 20 سیریز کے میچز 3 نومبر کو سڈنی، 5 کو کینبرا اور 8 نومبر کو پرتھ میں کھیلے جائیں گے۔

قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت بابر اعظم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، آصف علی، حارث سہیل، افتخار احمد، عماد وسیم، امام الحق، خوش دل شاہ، محمد عامر، محمد حسنین، محمد عرفان، محمد رضوان، موسیٰ خان، شاداب خان، عثمان قادر اور وہاب ریاض شامل ہیں۔

ٹیسٹ ٹیم کی قیادت اظہر علی کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عابد علی، اسد شفیق، بابر اعظم، حارث سہیل، عمران خان، افتخار احمد، کاشف بھٹی، محمد عباس، محمد رضوان، موسیٰ خان، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور یاسر شاہ شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں