آزادی مارچ:وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کو خوفزدہ ہونیکی ضرورت نہیں، آئی جی اسلام آباد


اسلام آباد: آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان نے کہاہے کہ  اسلام آباد کے شہریوں کو خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے اسلام آباد پولیس کے افسران و جوان اپ کے تحفظ کے لیے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہیں۔ شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کے لیے تمام تروسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق  آئی جی اسلام اباد نے ان خیالات کا اظہار آج   آزادی مارچ کے حوالے سے وفاقی دارالحکومت کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں کیا ۔

ڈی آئی جی سیکیورٹی اور ڈی آئی جی آپریشنز بھی آئی جی اسلام آباد کے  ہمراہ تھے ۔

انہوں نے آزادی مارچ کے حوالے سے مختلف مقامات پر سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات افسران و جوانوں کے ساتھ گفتگو کی، سیکورٹی ڈیوٹی کے بارے میں بریف بھی کی ۔

آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ آزادی مارچ کی سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اسلام آباد پولیس نے تمام تر ضروری اقدامات مکمل کرلیے ہیں۔

عامر ذوالفقار خان نے کہا کہ  جذبہ ایمانی حب الوطنی سے سرشار اسلام آباد پولیس کے افسران و جوان ہر قسم کے حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ اسلام آباد پولیس کے افسران و جوان میرے ہیروز ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کے افسران و جوانوں کا مورال بلند ہے،کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیےگئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: آزادی مارچ آج اسلام آباد پہنچے گا

آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام تر ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں