نیب نے ایل ڈی اے کو لوٹی گئی رقم لوٹادی


لاہور: نیشنل اکائونٹیبلٹی بیورو(نیب) نے غبن کردہ رقوم میں سے وصول کی گئی ایک کروڑ آٹھ لاکھ روپے کی رقم لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے ڈائریکٹر جنرل زاہد اختر زمان کے حوالے کردی۔

ہم نیوز کے مطابق نیب نے یہ رقم ایل ڈی اے کمرشلائزیشن سمیت دیگر کرپشن مقدمات میں گرفتار ملزمان سے وصول کی ہے۔

ڈی جی نیب لاہور میجر (ر) شہزاد سلیم  کے دفتر سے جاری اعلامیہ کے مطابق نیب قوانین کے تحت ملزمان سے لوٹی گئی رقم پلی بارگین کے تحت وصول کی جاتی ہے۔

ترجمان کے مطابق نیب لاہور 2018 میں لگ بھگ 115 ملین روپے برآمد کرچکا ہے جس کی متعلقہ اداروں اور متاثرین کو واپسی جاری ہے۔

ڈی جی نیب لاہور کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ کرپشن کیسز میں میرٹ پر تحقیقات کی جارہی ہیں۔

نیب لاہور کے ڈائریکٹر جنرل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کرپٹ عناصر سے لوٹی گئی قومی دولت کی پائی پائی وصول کی جائے گی ۔

شفاف پاکستان کو ایک خواب قرار دیتے ہوئے ڈی جی نیب نے کہا کہ خواب کو تعبیر کی شکل دینے کے لئے نیب سرگرم عمل ہے۔


متعلقہ خبریں