مریم نواز کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ

مریم نواز کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ

فائل فوٹو۔–


لاہور: ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس علی باقر نجفی نے چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

دوران سماعت قومی احتساب بیورو (نیب) کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کا دائرہ اختیار محدود ہے، یہ منی لانڈرنگ کے خلاف تحقیقات نہیں کر سکتا۔

نیب وکیل نے کہا کہ ایس ای سی پی کے پاس چودھری شوگر ملز کیخلاف کوئی شکایت نہیں تھی۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز ایک خاتون ہیں؟ کیا آپ انکار کر سکتے ہیں؟

اعظم نذیر تارڑ ایڈووکیٹ نے کہا کہ یہ صرف انفارمیشن دی تھی جس پر وکیل نیب نے کہا کہ نہیں آپ نے خاتون ہونے پر زور دیا تھا، فریال تالپورکو خاتون ہونے کی بنیاد پر ضمانت پر رہائی کی درخواست مسترد ہوئی ہے، فیصلہ موجود ہے۔

تفتیشی افسر نےعدالت کو بتایا کہ  مریم نواز اور یوسف عباس کے اکاؤنٹس میں 23 کروڑ روپے منتقل ہوئے ہیں جس کی انہوں نے کوئی وضاحت پیش نہیں کی۔

انہوں نے بتایا کہ یہ رقم فیصل میمن نے دبئی سے بھیجی تھی جوچودھری شوگر ملز میں منی لانڈرنگ کیلئے استعمال ہوئی۔

مزید برآں عدالت نے درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔


متعلقہ خبریں