حکومت سے آزادی حاصل کرنا قومی فریضہ ہے، مولانا غفور حیدری


راولپنڈی: جمعیت علمائے اسلام ف کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا غفور حیدری نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام عمران احمد نیازی کی حکومت سے تنگ آچکے ہیں۔ حکومت سے آزادی حاصل کرنا قومی فریضہ بن چکا ہے۔

مندرہ میں آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مولانا غفور حیدری نے کہا کہ  عمران خان کی شکل میں ایک نالائق اور ناہل شخص کو قوم پر مسلط کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں ٹھاٹھیں مارتا ہوا قافلہ اسلام آباد کیلئے رواں دواں ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے قافلے بھی پہنچ چکے ہیں۔  سارے قافلے جب اسلام آباد پہنچیں گے تو یہ انسانوں کا سمندر ہو گا۔

مولانا غفور حیدری نے کہا کہ پوری قوم متفق ہے کہ عمران خان دھاندلی کی پیداوار ہے۔ موجودہ حکومت نے مہنگائی کا طوفان برپا کیا ہوا ہے۔ معیشت کو تباہ کیا گیا، عدلیہ آزاد نہیں جبکہ  نیب دباو میں فیصلے کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جے یو آئی صرف آزادی مارچ کرنے نہیں آ رہی’

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ اقتدار ملا تو آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائیں گے، آج آئی ایم ایف کو لا کر ملک میں بٹھا دیا گیا ہے۔ آئی ایم ایف کے پاس جانے کے بعد عمران خان خود کشی کا وعدہ پورا کریں۔ قوم منتظر ہے کہ عمران خان خود کشی کا وعدہ کب پورا کریں گے۔

جے یو آئی ف کے رہنما کا کہنا تھا کہ کشمیر کو بیچ کر مگر مچھ کے آنسو بہائے جا رہے ہیں۔ کشمیر کے لوگ محمد بن قاسم کی تلاش میں ہیں۔


متعلقہ خبریں