کوئی پہنچے نہ پہنچے،اے این پی پہنچ گئی، جلسہ کرلیں گے: اسفندیار ولی خان

عوامی نیشنل پارٹی کا آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان

اسلام آباد: عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ رہبر کمیٹی نے جلسے کے لیے 31 اکتوبر کی تاریخ طے کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ تحاریک میں ایک مرتبہ جو فیصلے ہوجائیں وہ تبدیل نہیں ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حزب اختلاف میں کوئی دراڑ نہیں ہے۔

‘مولانا کو گرفتار کیا تو اسفندیار ولی قیادت کریں گے’

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے اسلام آباد آمد کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں تو ایک ذہن لے کر جلسہ گاہ آیا تھا لیکن یہاں مجھے آپ کے سامنے بٹھا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا رہبر کمیٹی کے کسی رکن سے کوئی رابطہ نہیں ہوا ہے لیکن رہبر کمیٹی کا آخری فیصلہ آج کے جلسے کا تھا۔

اے این پی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ آج جلسہ ہوگا اور کوئی پہنچے یا نہ پہنچے اے این پی پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ساتھ آج کی تاریخ مقرر کی گئی تھی۔

ایک سوال پر اسفندیار ولی خان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا کرم ہے کہ لوگ کافی ہیں ہم اپنا جلسہ کرلیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اپوزیشن متحد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے آج اپنا احتجاج ریکارڈ کرانا ہے۔

اے این پی کے سربراہ نے کہا کہ میں پشاور سے آیا ہوں اور اکرم خان درانی ڈی آئی خان سے آئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حزب اختلاف میں کوئی کشمکش یا گڑبڑ نہیں ہے البتہ  یہ وقت کی بات ہے کہ کوئی آگے اورکوئی پیچھے آتا ہے۔

   اُس وقت تک خاموش نہیں بیٹھیں گے جب تک ووٹ چوروں کا محاسبہ نہ کرلیں،اسفندیارولی خان

ہم نیوز کے مطابق اسفندیار ولی خان نے کہا کہ رہبر کمیٹی نے پروگرام دیا تھا کہ آج کے دن جلسہ ہوگا تو ہم حکم کے پابند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم تحاریک سے واقف ہیں کہ ایک مرتبہ کیے جانے والے فیصلے تبدیل نہیں ہوتے ہیں۔


متعلقہ خبریں