وزیر اعظم عمران خان کو پہلا دورہ گلگت بلتستان پر خوش آمدید کہتے ہیں، وزیر قانون جی بی


گلگت: صوبائی وزیر قانون گلگت بلتستان (جی بی)  اورنگزیب خان  نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلا دورہ گلگت بلتستان پر خوش آمدید کہتے ہیں۔

مشیر اطلاعات جی بی شمس میر کے ہمراہ  نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیر قانون نے کہا کہ وزیر اعلٰی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان اور ان کی پوری کابینہ وزیراعظم کا بھرپور استقبال کرے گی۔

وزیر قانون اورنگزیب خان نے کہا کہ وزیر اعلٰی اور ان کی کابینہ وزیراعظم کے سامنے جی بی کی آئینی حیثیت کے مسئلے کو رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کی روشنی میں گلگت بلتستان کے عوام کو بااختیار بنائیں۔

اورنگزیب خان نے کہا کہ  لینڈ ریونیو ایکٹ کے تحت وزیراعظم گلگت بلتستان کے نئے اضلاع کے قیام کا نوٹیفیکیشن رد نہیں کر سکتے۔

گلگت بلتستان حکومت نے چار نئے اضلاع کا نوٹیفیکیشن جاری کر کے بجٹ بھی مختص کیا ہے جبکہ وفاقی حکومت نئے اضلاع کے قیام میں رکاوٹیں پیدا کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی حکومت گلگت بلتستان سے سوتیلی ماں والا سلوک کر رہی ہے، حافظ حفیظ الرحمان

مشیر اطلاعات جی بی شمس میر نے کہا کہ وفاقی حکومت نے وفاقی ترقیاتی منصوبوں سے گلگت بلتستان کے 7804 ملین روپے کے 8 بڑے پراجیکٹس خارج کر دیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی سابق وفاقی حکومت نے ان منصوبوں کی منظوری دے دی تھی۔ ان منصوبوں کو فیڈرل پی ایس ڈی پی سے خارج کرنا گلگت بلتستان کے عوام سے ناانصافی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے وزیر اعظم عمران خان عوامی امنگوں کے مطابق گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت کا مسلہ حل کریں گے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان یکم نومبر یعنی گلگت بلتستان کی یوم آزادی کے حوالے سے تقریبات میں خصوصی طور پر شرکت کرنے کے لیے کل ایک روزہ دورے پر گلگت جارہے ہیں۔

خیال رہے کہ گلگت بلتستان سکاؤٹس نے اپنے زور بازو سے یکم نومبر 1947 کو خطے کو ڈوگرہ سامراج سے آزاد کرایا تھا۔


متعلقہ خبریں