پیپلزپارٹی کی قربانیاں تحریک انصاف سے زیادہ ہیں، سسی پلیجو


اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما سینیٹر سسی پلیجو نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف 22 سال کی جدوجہد کا ذکر کرتی ہے حالانکہ پیپلزپارٹی کی قربانیوں کا دورانیہ اس سے کہیں زیادہ ہے

ہم نیوز کے پروگرام “صبح سے آگے” میں میزبان اویس منگل والا اور شفا یوسفزئی سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اقتدار میں رہنے کا جواز کھو چکی ہے، انہوں نے ملکی معیشت کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔

رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ اگر وزیراعظم عمران خان استعفیٰ نہیں دیں گے تو ہماری جانب سے پرامن جدو جہد جاری رہے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن حکومت وقت کے غلط کاموں کی نشاندہی اور ان پر تنقید کرنے کا پورا حق رکھتی ہے۔ حکومت سے ایوان بالا میں کوئی بھی سوال کیا جائے تو ان کے پاس جواب نہیں ہوتا۔

سینیٹر سسی پلیجو نے بتایا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کو مختلف مقدمات میں پھنسایا گیا، قانونی لحاظ سے ان پر ایسا کوئی مقدمہ نہیں بنتا تھا، ساتھ ساتھ ہماری جماعت کے حوالے سے میڈیا پر بہت سی چیزیں پھیلائی گئیں جن میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کے حوالے سے سسی پلیجو کا کہنا تھا کہ اس کے شرکاء اب تک پر امن رہے ہیں۔ ان کی جانب سے اب تک کوئی قابل اعتراض اقدام نہیں اٹھا یا گیا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے  بتایا کہ ہماری جماعت کا واضح موقف ہے کہ مذہب کارڈ نہیں کھیلیں گے، ہم کسی قسم کی جنونیت کو بڑھاوا نہیں دیتے۔ ریاستی اور مذہبی معاملات میں فرق رکھنے کی ضرورت ہے۔

تیز گام ٹرین حادثے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ملک میں اس طرح کے بہت حادثات ہو رہے ہیں،  پہلے حکومت کی جانب سے کہا جاتا تھا کہ ان حالات میں استعفیٰ دے دینا چاہیئے، اب خود استعفیٰ کیوں نہیں دیتے؟


متعلقہ خبریں