آئندہ چئیرمین سینیٹ کے لئے سراج الحق کی تجویز

آئندہ چئیرمین سینیٹ کے لئے سراج الحق کی تجویز | urduhumnews.wpengine.com

لاہور: جماعت اسلامی کے سربراہ سراج الحق نے تمام سیاسی جماعتوں کو تجویز دی ہے کہ آئندہ چئیرمین سینیٹ کے لئے رضا ربانی پر اتفاق کر لیا جائے۔

ہم نیوز کے مطابق سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ رضا ربانی کو متفقہ طور پر چئیرمین سینیٹ بنا لیا جائے۔

جمعہ کو سامنے آنے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہارس ٹریڈنگ و انتشار سے بچنے اور جمہوری رویوں کے فروغ کے لئے رضا ربانی پر تمام جماعتیں اتفاق کرلیں۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ رضا ربانی کے چیئرمین سینیٹ بننے سے موجودہ سیاسی بحران اور بے یقینی کا خاتمہ ہوجائے گا۔ انہوں نے اپنی کارکردگی اوربہتر اسلوب سے سب کو متاثر کیا ہے۔

سابق چئیرمین سینیٹ رضا ربانی کے متعلق سراج الحق کا کہنا تھا کہ انہوں نے کرپشن سے بالاتر ہوکر ملک و قوم کی خدمت کا اچھا نمونہ پیش کیا ہے۔ رضا ربانی کی پارٹی سے ہزار اختلافات کے باوجودان کی ذاتی کارکردگی اور صلاحیت کا اعتراف کیا جانا چاہئے۔

پاکستان میں تین مارچ کو ہوئے سینیٹ انتخابات کے بعد دونوں بڑی جماعتیں اپنا اپنا چئیرمین سینیٹ لانے کے لئے کوشاں ہیں۔ فی الوقت ن لیگ کو اکثریتی ارکان کی حمایت حاصل ہے تاہم پیپلزپارٹی بھی اپنا چئیرمین لانے کے لئے مصروف عمل ہے۔

جماعت اسلامی نے حالیہ سینیٹ انتخابات میں خیبرپختونخوا سے مشتاق احمد خان کو سینیٹر منتخب کروایا ہے۔

اطلاعات ہیں کہ پیپلزپارٹی کی قیادت کچھ مخصوص قوتوں کی ناراضگی سے بچنے کے لئے رضا ربانی کو آئندہ چئیرمین سینیٹ نہیں دیکھنا چاہتی، تاہم معاملات پر ابھی تک مذاکرات جاری ہیں۔


متعلقہ خبریں