جے یو آئی-ن لیگ متضاد بیانات: شہباز شریف نے مشاورتی اجلاس طلب کرلیا


اسلام آباد: گزشتہ روز مسلم لیگ نواز اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنماؤں کے جلسے کے حوالے سے متضاد بیانات کے بعد قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پارٹی رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس طلب کرلیا ہے

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ مسلم لیگ ن کا مشاورتی اجلاس آج دوپہر منسٹر انکلیو میں ہوگا جس میں حزب اختلاف کے جلسے کے حوالے سے حکمت عملی پر غور ہوگا۔

ان کے مطابق اجلاس کے دوران شہباز شریف گزشتہ روز بیانات کے تضادات سے متعلق بھی صورتحال پر مشاورت کریں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے جلسے کو دھرنا میں تبدیل کرنے پر بھی غور کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ آج کے جلسہ میں شہباز شریف کے خطاب اور چارٹر آف ڈیمانڈ کو بھی حتمی شکل دی جائے گی۔

گزشتہ روز تیزگام ایکسپریس حادثے کے باعث مسلم لیگ نواز کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں حزب اختلاف کے مشترکہ جلسے کو مؤخر کرنے کا اعلان کیا تھا۔

تاہم ن لیگ کے اعلان کے کچھ دیر بعد ہی مولانا فضل الرحمان نے جلسہ ملتوی کرنے کی تردید کردی اور کہا کہ تمام قافلے اپنے وقت اور ترتیب کے مطابق پہنچیں گے۔

مولانا فضل الرحمان آج بعد نماز جمعہ حکومت کے سامنے اپنے مطالبات پیش کریں گے۔

مارچ کے شرکا کے لیے اسلام آباد میں اتوار بازار کے قریب پشاور موڑ پر انتظامات کیے گئے ہیں اور حکومت نے بجلی سمیت دیگر ضروری سہولیات بھی کی ہیں۔

حکومت اور مظاہرین کے نمائندوں کے درمیان مذاکرات کے بعد جو معاہدہ طے پایا ہے اس کے مطابق آزادی مارچ کے شرکا ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مختص کردہ مقام تک ہی محدود رہیں گے۔


متعلقہ خبریں