وزیراعظم کو گلگت بلتستان کے انتظامی امور، ترقیاتی منصوبوں اور سیکورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ


گلگت: وزیراعظم عمران خان کو گلگت بلتستان کے انتظامی امور، جاری ترقیاتی منصوبوں اور سیکورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیر اعظم کی زیر صدارت گلگت میں ہونے والےاعلیٰ سطحی اجلاس میں وفاقی وزیر برائے امور کشمیر اور گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور، گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون، وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان، سینیٹر فیصل جاوید، گلگت بلتستان اسمبلی کے اراکین اور حکومت کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے وزیراعظم کو گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں بشمول سڑکوں کی تعمیر، صحت کی سہولیات، پن بجلی کے منصوبوں، شجرکاری اور سیاحت کے فروغ کے لیے جاری اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔

وزیراعظم کو سی پیک منصوبوں میں شامل گلگت-شندور-چترال روڈ، 100 میگاواٹ گلگت پن بجلی منصوبہ اور 80 میگاواٹ پھنڈر پن بجلی منصوبہ پر بھی بریفنگ دی گئی۔

وزیر اعظم عمران خان کو بتایا گیا کہ سرسبز پاکستان پروگرام کے تحت گلگت بلتستان میں 180 ملین پودے لگائے جائیں گے۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان کو قدرت نے بے پناہ وسائل سے نوازا ہے۔ اس علاقے میں سیاحت کے فروغ کے لیے بیش بہا مواقع موجود ہیں جن کو بروئےکار لاکراس خطے کی ترقی ممکن ہو سکے گی۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان جادو ٹونے سے حکومت چلا رہا ہے

وزیر اعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان حکومت مزید چھوٹے پن بجلی گھر قائم کرنے کے حوالے سے منصوبہ بندی کرے جس میں وفاقی حکومت بھی مدد کرے گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ سی پیک منصوبوں کی بدولت اس خطے کی ترقی دیدنی ہوگی۔

وزیر اعظم نے وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور کو ہدایت کی کہ وہ گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں درپیش مسائل کو متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر جلد حل کریں۔

وزیر اعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وفاقی حکومت ہر ممکن طریقے سے گلگت بلتستان حکومت کی مدد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی غیور عوام کا پاکستان پر اتنا ہی حق ہے جتنا باقی صوبوں کا ہے۔


متعلقہ خبریں