بلاول اور شہباز نے 12 ویں کھلاڑی کو اپنا لیڈر تسلیم کرلیا، فردوس عاشق اعوان

کرپٹ ٹولہ کورونا پھیلانے کی تحریک چلا رہا ہے، فردوس عاشق

اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری اور میاں شہبازشریف نے 12 ویں کھلاڑی مولانا کو آج اپنا لیڈر تسلیم کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ثابت ہوگیا ہے کہ عوام نہ ان کی آوازکو سننا چاہتے ہیں اور نہ ہی لبیک کہیں گے۔

ہم نیوز کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس میں ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بلاول بھٹواورشہبازشریف کو ادھار کے اسٹیج پہ آکراپنا درد بیان کرنا پڑا ہے۔

حزب اختلاف آپس میں ہی سیاست کر رہی ہے، فردوس عاشق اعوان

پی پی پی اور اے این پی پر سخت تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی خود کو سیکولر جماعتیں کہتی تھیں لیکن
بغض عمران میں آج سب ایک گھاٹ پر پانی پی رہے ہیں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے درست کہا تھا کہ سب چور اکھٹے ہو جائیں گے۔ اطہار افسوس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 15 سیاسی جماعتوں نے2/2 ہزار بندہ بھی نکالا تب بھی وہ ٹارگٹ پورا نہیں کرسکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہی وجہ ہے کہ ملین کا دعویٰ کرنے والوں کی ملین کی گردان دم توڑ گئی ہے۔

ان کا دعویٰ تھا کہ اپوزیشن اپنے پاور شو میں ناکام ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ دن سڑکوں پردھکے کھائے،لوگوں کو آوازیں لگائیں، مدرسے کے بچوں کو گمراہ کیا اور ہر طرح کا مذہبی کارڈ استعمال کیا مگر اس کے باوجود نتائج حاصل کرنے میں ناکامی ہوئی۔

وزیراعظم کی مشیر برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ عمران خان اتنی تعداد تو اکیلے جمع کرلیتے ہیں۔ انہوں نےکہا کہ آج بھی ان کی ایک کال پر گلگت کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت میں نہ کسی کو بس دی اور نہ ہی کھانا دیا لیکن لوگ عمران خان کی محبت میں نکلے ہیں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ لیڈر کی محبت اورمال کی محبت میں فرق ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈی چوک ریڈ زون ہے اور وفاقی دارالحکومت کو ایک ملا کی انتہا پسندی کی نظر نہیں کرسکتے ہیں۔

امیر جے یو آئی (ف) کو نکتہ چینی کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا کی سوچ خواتین کے منافی ہے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ مولانا اپنے دھرنے میں خواتین کی موجودگی برداشت نہیں کرسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا کا ہر عمل خواتین کے بنیادی حقوق کو سلب کرنے کا باعث ہے۔

آزادی مارچ: جے یو آئی (ف) کا مطالبات پر لچک نہ دکھانے کا فیصلہ

ایک سوال کے جواب میں انہوں نےکہا کہ ڈی چوک آنے کی اجازت دینے کا فیصلہ مذاکراتی کمیٹی کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکراتی کمیٹی کا یہ استحقاق ہے کہ وہ ترجیحات طے کرے۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے واضح کیا کہ مذاکراتی کمیٹی کی سفارشات ملنے کے بعد حکومت آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی۔


متعلقہ خبریں