ٹنڈو الہ یار: مضر صحت کھانا کھانے سے 163 افراد بیہوش

ٹنڈو الہیار: مضر صحت کھانا کھانے سے 163 افراد بیہوش

ٹنڈوالہ یار: شہر میں مضر صحت کھانا کھانے سے 163 افراد کی حالت غیر ہوگئی ہے جنہیں بیہوشی کی حالت میں اسپتالوں کو منتقل کیا گیا ہے جہاں ڈاکٹرز ان کی جان بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق امان اللہ کالونی میں مضر صحت کھانا کھانے والے اب تک 163 افراد کو اسپتالوں میں منتقل کیا جا چکا ہے لیکن ان کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ اسپتال پہنچنے والے تقریباً تمام افراد بیہوشی کی حالت میں اسپتال لائے گئے ہیں۔

اسپتال کے ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ متعدد افراد کو صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر حیدرآباد بھی بھیجا جا رہا ہے جب کہ شہر کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

ہم نیوز نے پولیس کے ذرائع سے بتایا ہے کہ تاحال معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ اتنے زیادہ افراد نے ایک ساتھ کھانا کیسے کھایا؟ متعلقہ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حقائق جاننے کی کوشش کررہے ہیں۔

ایس ایس پی رخسار کھاوڑ کا کہنا ہے کہ مریضوں کو فی الوقت اسپتالوں میں منتقل کررہے ہیں اورجائے وقوعہ کا معائنہ بھی ہورہا ہے تاکہ ثبوت  وشواہد ضائع نہ ہوجائیں۔

ہم نیوز کے مطابق ایس ایس پی رخسار کھاوڑ اور ایس ڈی پی او شاہنواز میمن سمیت دیگر انتظامی افراد اسپتال پہنچ گئے ہیں۔

ٹنڈو الہیار میں پیش آنے والے اتنے بڑے واقع پر تاحال کوئی اعلیٰ حکومتی شخصیت متعلقہ علاقے یا اسپتال میں داد رسی کے لیے نہیں پہنچی ہے۔


متعلقہ خبریں