پنجاب کے 6 اضلاع میں انسداد پولیو مہم پیر سے شروع کی جائیگی


لاہور: پنجاب کے 6 اضلاع  میں خصوصی انسداد پولیو مہم  پیر سے شروع کی جائیگی، جس میں 28 لاکھ  سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

ترجمان پولیو پروگرام کے مطابق خصوصی مہم لاہور، ملتان، سرگودھا، جہلم، منڈی بہاالدین، اور چکوال میں چلائی جائیگی۔  پولیو کیسز اور ماحولیاتی نمونوں میں وائرس کی تصدیق کی وجہ سے ملتان اور لاہور کے مکمل اضلاع کو مہم میں شامل کیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق جہلم میں پولیو کیس کی وجہ سے ضلعے سے متصل یونین کونسلوں میں بھی پولیو مہم کا انعقاد کیا جائیگا۔  بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لئے 11 ہزار سے زاید ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا، متاثرہ بچوں کی تعداد 9 ہوگئی  

انچاج پولیو پرگرام سلمان غنی کے مطابق حکومت ہر بچے کو پولیو ویکسین پلانے کا ہدف پورا کرے گی۔ پولیو ویکسین دنیا کی بہترین ویکسین ہے۔

سلمان غنی نے کہا کہ کہیں بھی پولیو سے بچاؤ کے قطرے پینے سے اگر ایک بھی بچہ رہ جاتا ہے تو وہاں تمام بچوں کو پولیو کا وائرس لگنے کا خطرہ لاحق رہتا ہے۔

انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ کسی بھی پراپیگiنڈہ کا شکار نہ ہوں اور اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین ضرور پلائیں۔

اس سال ملک بھر میں پولیو سے 77 بچے متاثر ہو چکے ہیں، جبکہ پنجاب میں پولیو سے پانچ بچے متاثر ہو چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں